یو اے ای ؛ ام القوین میں خوفناک ٹریفک حادثہ ‘ باپ جاں بحق ، بیٹی شدید زخمی ہوگئی

حادثے کا سبب بننے والی پہلی گاڑی کا ڈرائیور ایک عرب شہری شراب کے نشے میں گاڑی چلا رہا تھا

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 نومبر 2021 16:42

یو اے ای ؛ ام القوین میں خوفناک ٹریفک حادثہ ‘ باپ جاں بحق ، بیٹی شدید زخمی ہوگئی
ام القوین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں خوفناک ٹریفک حادثے میں باپ جاں بحق اور بیٹی شدید زخمی ہوگئی ۔ گلف نیوز کے مطابق شیخ محمد بن زید روڈ پر ام القوین کی طرف دو گاڑیوں کے درمیان تصادم میں ایک 56 سالہ لبنانی شخص جاں بحق اور اس کی 20 سالہ بیٹی شدید زخمی ہو گئی ، لڑکی کو علاج کے لیے خلیفہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ جیسے ہی ام القوین پولیس کے سینٹرل آپریشن ڈویژن میں ام القوین ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کو حادثے کی اطلاع ملی ، قومی ایمبولینسز اور خصوصی پولیس گشت کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچایا گیا اور حادثے سے جلد نمٹا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ کا سبب بننے والی پہلی گاڑی کا ڈرائیور (ایک عرب) شراب کے نشے میں گاڑی چلا رہا تھا ، ام القوین پولیس جنرل کمانڈ نے گاڑی چلانے والوں سے کہا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران ہمیشہ احتیاط برتیں اور سیٹ بیلٹ باندھیں۔

(جاری ہے)

رواں برس مئی کے مہینے میں اماراتی ریاست شارجہ میں بھی ایک جان لیوا حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں پولیس پٹرولنگ ٹیم کا ایک اہلکار اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ، فسٹ اسسٹنٹ راشد علی الباہی ڈیوٹی کے دوران اپنی پٹرولنگ کارمیں تھا جب ملیحہ روڈ پر اس کی کھڑی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی جو کہ ایک خاتون چلا رہی تھی ، اس ٹکر کے نتیجے میں راشد علی الباہی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

شارجہ پولیس کی جنرل کمانڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کا پولیس افسر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گیا ہے ، یہ واقعہ صبح 10 بجے ملیحہ روڈ پر پیش آیا جہاں الباہی کی گاڑی سڑک کنارے کھڑی تھی ، اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے پٹرولنگ کار کو پیچھے سے زور دار ٹکر مار دی ، یہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ پٹرولنگ کار کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا گری ، جس کی وجہ سے اس گاڑی میں بیٹھے الباہی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں