ابو ظہبی میں خراب موسم کے دوران حدِ رفتارگھٹا کر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کر دی گئی

اس فیصلے کا مقصد ڈرائیورز کو حادثات سے محفوظ بنانا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 8 نومبر 2018 17:34

ابو ظہبی میں خراب موسم کے دوران حدِ رفتارگھٹا کر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کر دی گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 نومبر2018ء) ابو ظہبی ٹریفک سیفٹی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ جب بھی خراب موسم کے باعث حدِ نگاہ میں کمی واقع ہو گی تو ڈرائیوروں کو گاڑی کی حدرفتار 80 کلومیٹر تک رکھنا ہو گی۔ اس پابندی کا اطلاق تب ہو گا جب حدِ نگاہ 200 میٹر تک محدود ہو کر رہ جائے۔ اس فیصلے کا مقصد خراب موسم کے دوران ٹریفک حادثات کی شرح میں کمی لانا اور انسانی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔

ابو ظہبی پولیس کے مطابق خراب موسم کے دوران تمام ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کی رفتار 80 کلو میٹر فی گھنٹہ سے نیچے ہی رکھیں گے تاہم مطلع صاف ہونے کے بعد وہ گاڑیوں کی رفتار مخصوص حد تک بڑھا سکتے ہیں۔ شیخ راشد بن سعید سٹریٹ (ابو ظہبی تا دُبئی روڈ) اور شیخ خلیفہ سٹریٹ (السعادیات) پر ایسے سمارٹ اوور ہیڈ سائنز نصب کیے گئے ہیں جو خراب موسم کی صورت میں ڈرائیورز کی رہنمائی کریں گے کہ وہ حدِ رفتار 80 کلومیٹر تک محدود رکھیں۔

(جاری ہے)

جبکہ جن مقامات پر یہ سمارٹ ٹاورز موجود نہیں ہیں، وہاں مخصوص حد رفتار والے سائنز ٹریفک لائٹ کے ساتھ نصب کیے جائیں گے ، جو اس بات کا اظہار ہو گا کہ ڈرائیورز 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک محدود رہیں۔ موسم کی صورتِ حال کے مطابق ریڈار کنٹرولز پر حدِ رفتار زیادہ یا کم مقرر کی جائے گی۔ یہ ایک جدید سسٹم ہے جو خراب موسم میں رُونما ہونے والے حادثات میں کمی لائیں گے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی عوام اور ڈرائیورز کو موسم کی پیشگی اطلاع بھیجی جائے گی تاکہ وہ اسی حساب سے اپنا سفر محفوظ طریقے سے کر سکیں۔ پولیس کی جانب سے ڈرائیورز حضرات کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے سے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں تاکہ بریک لگنے کی صورت میں محفوظ رہا جا سکے اور کم حدِ نگاہ والے موسم میں اوور ٹیک کرنے اور اچانک اپنی لین بدلنے سے گریز کریں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں