شارجہ: پٹرول پمپس پر موبائل فون کا استعمال موت کو دعوت دینا ہے

پٹرول بھروانے وقت انجن سٹارٹ رکھنا بھی خطرے کا مُوجب ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 جولائی 2018 17:11

شارجہ: پٹرول پمپس پر موبائل فون کا استعمال موت کو دعوت دینا ہے
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 جُولائی 2018) ایک بہت اہم کام جسے ضرور کرنا چاہیے مگر ہم اکثر و بیشتر بھُول جاتے ہیں‘ وہ ہے پٹرول سٹیشن پر موجودگی کے وقت اپنے مو بائل فونز کو سوئچ آف کرنا۔ ڈرائیور حضرات کو کئی بار تنبیہ کی جا چکی ہے کہ وہ پٹرول پمپ کے نزدیک ہونے کی صورت میں احتیاطی تدبیر اختیار کرتے ہوئے اپنا موبائل فون آف کر دیں مگر کوئی بھی اس ہدایت پر کان دھرنے کو تیار نہیں۔

کرنل سمیع خامس النقبی‘ ڈائریکٹر جنرل شارجہ سول ڈیفنس کے مطابق پٹرول سٹیشن پر موجودگی کے وقت موبائل فون آف کرنا بہتر ہے کیونکہ ڈیوائس کی الیکٹرومیگنیٹک فیلڈ گیسولین کی پھوار کے باعث آگ پکڑ سکتی ہے۔ جبکہ موبائل فون کی بیٹریز بھی خطرے کا باعث ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پٹرول پمپس پر موجودگی کے دوران کالز نہ سُنیں یا پھر موبائل فون سے ویڈیو اور تصویریں نہ بنائیں کیونکہ یہ بہت خطرے کی بات ہے۔

(جاری ہے)

پٹرول بھرنے والی مشینوں کے پاس بھی ہدایات لِکھی ہوتی ہیں کہ ڈرائیور حضرات ان کے قریب موبائل فون کا استعمال نہ کریں اور نہ ہی سگریٹ سُلگائیں۔ مگر بے شمار لوگ اس کی خلاف ورزی سے باز نہیں آ رہے۔ اس کے علاوہ ایک اور واضح ہدایت یہ بھی لکھی ہوتی ہے کہ پٹرول بھرواتے گاڑیوں کا انجن آف کر دیا جائے۔پٹرول پمپس انتظامیہ کی جانب سے موبائل فون پر بات چیت کی بھی اجازت نہیں ہے مگر یہاں کوئی بھی پرواہ نہیں کرتا۔

تقریباً ہر شخص پٹرول بھرواتے وقت موبائل فون پر بات کر رہا ہوتا ہے جبکہ زیادہ تر پٹرول بھرواتے وقت انجن بند کرنے کی تکلیف گوارا نہیں کرتے۔ حالانکہ واضح خطرہ ہوتا ہے کہ موبائل فون سے خارج ہونے والی الیکٹرو میگنیٹک ریڈی ایشن پٹرول کی پھوار کی مدد سے آگ بھڑکا سکتی ہے۔ جبکہ اس سے آس پاس کی دھاتی اشیاء میں کرنٹ بھی آ سکتا ہے جس کے باعث شعلہ بھڑکنے سے انسانی جان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ دو منٹ کی احتیاط آپ اور آپ کے قریب لوگوں کو پٹرول پمپ پر کسی ناگہانی حادثے سے بچا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں