اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کردیا

غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں بےگھر ہوچکے ہیں، میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پر تشویش ہے، ہمیں شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 مئی 2021 20:29

اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کردیا
نیویارک (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2021ء) اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں بےگھر ہوچکے ہیں، میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پر تشویش ہے، ہمیں شہری آبادی کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کی کشیدہ صورتحال اور غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نیتجے میں طلب کیے گئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل قوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمیں شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے۔

غزہ میں شہریوں اور خاص طور پر بچوں کی ہلاکت تشویشناک ہے۔ غزہ کے بچے جنگ کی بھارتی قیمت ادا کررہے ہیں۔ فریقین شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری کشیدگی کو فوری روکنا ہوگا۔ دونوں اطراف سے سیزفائر ہونا چاہیے۔ اسرائیل اور فلسطین تنازع کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ غزہ میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی بمباری سے متعدد ہسپتال تباہ ہوگئے۔ ہزاروں فلسطینی بےگھر ہوچکے ہیں۔ پناہ گزین کیمپ پر حملے سے ایک ہی خاندان کے9 افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں میڈیا کی عمارت تباہ کرنے پر تشویش ہے۔ واضح رہے غزہ میں اسرائیلی طیاروں کے میزائل حملوں میں تازہ بمباری میں ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 240 سے زیادہ ہوگئی، ڈیڑھ ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کی 100 کلومیٹرطویل سرنگیں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ سے رات بھر80راکٹ اسرائیل پر داغے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نیو یارک میں شائع ہونے والی مزید خبریں