اسسٹنٹ کمشنرز کی زیرنگرانی راشن کی فراہمی جاری ہے،ضلعی انتظامیہ ،محکمہ مال سمیت دیگر محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کیلئے متحرک ہیں ، ذوالفقار احمد

بدھ 13 مارچ 2024 22:57

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنربہاولنگرذوالفقار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے’’نگہبان رمضان پیکج‘‘ کے تحت ضلع بہاولنگرکی پانچ تحصیلوں میں کم آمدن والے 52ہزار293سے زائد غریب اورمستحق گھرانوں میں فوڈ ہیمپرز ان کی دہلیز پر مفت پہنچائے جا رہے ہیں جبکہ مفت راشن کی فراہمی میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے خصوصی جائزہ اجلاس کے دوران ’’نگہبان رمضان پیکج‘‘ کی تیاری اور تقسیم کے سلسلہ میں قائم کردہ کمیٹی کے چیئرمین و ارکان ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگرنصیب اللہ خان،چوہدری زاہد اکرم ایم پی اے،چوہدری کاشف محمود پنسوتہ ایم پی اے،چوہدری غلام مرتضی ایم پی اے کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ مرکزی وئیر ہاؤس میں نگہبان رمضان پیکج کے تحت فوڈ ہیمپرز کی تیاریوں کے عمل اور اشیاء کے معیار، اوزان کا جائزہ لیا، اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک، پنجاب فوڈ اتھارٹی، انڈسٹریز، ریونیو اور دیگر ادارے فوڈ ہیمپرز کی پیکنگ، وزن اور اشیاء کے معیار کو تسلسل کے ساتھ چیک کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضا ن پیکج کے تحت ہر رجسٹرڈ گھرانے کو10کلو گرام آٹا، دو کلوچینی، دو کلو گھی، دو کلو چاول اور دو کلو بیسن پر مشتمل فوڈ ہیمپرز دہلیز پر پہنچایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی زیرنگرانی راشن کی فراہمی جاری ہے،ضلعی انتظامیہ ،محکمہ مال سمیت دیگر محکمہ جات اہم ذمہ داری کی انجام دہی کیلئے مسلسل متحرک ہیں ۔بعد ازاں انہوں نے بہاولنگر میں رمضان بازار کا دورہ کیا اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں