ڈسکہ میں 7 سالہ طالب علم کو بدفعلی کے بعد قتل کر دیا گیا

زین علی کی لاش گاؤں کے قریب میں موجود کھیتوں سے برآمد ہوئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 7 اگست 2021 15:57

ڈسکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 اگست 2021ء) : ڈسکہ میں سات سالہ طالبعلم کو بد فعلی کے بعد موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کے تھانہ بمبانوالہ کی حدود میں واقع گاؤں لدھے میں دو روز گھر سے کھیلنے کے لیے نکلنے والا 7 سالہ زین لاپتہ ہوگیا تھا ۔ پولیس کے مطابق زین علی گزشتہ روز لاپتہ ہوا تھا، جس کو اہل خانہ نے اپنے طور پر تلاش کرنے کی کوشش کی مگر ناکامی کا سامنا رہا جس کے بعد اہل خانہ نے پولیس کو گمشدگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بمبانوالہ پولیس نے اہل خانہ کی درخواست پر اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔ بچے کو زیادتی کے بعد سر پر اینٹیں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ڈسکہ کے ضلع لدھے میں 7 سال کے طالب علم زین علی کی لاش گاؤں کے قریب میں موجود کھیتوں سے برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں نے لاش کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد متعلقہ تھانے کی نفری نے جا کر اسے تحویل میں لیا اور ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا، میڈیکل رپورٹ میں طالب علم سے بدفعلی ثابت ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے تفتیش شروع کردی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گاؤں کے ہی ایک رہائشی وحید کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرلیا، اس نے اپنے اقبالی بیان میں کہا کہ اس نے زین کو زیادتی کے بعد سر میں اینٹیں مار مار کر ہلاک کیا اور لاش کھیتوں میں چھپا دی۔ پولیس کے مطابق ملزم وحید کے خلاف اغوا برائے زیادتی اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھجوا دیا گیا ہے جس کی تفصیلی رپورٹ چند روز میں آئے گی جب کہ ملزم سے گرفتاری کے بعد اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے کہا کہ زین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مقدمے میں دیگر دفعات شامل کی جائیں گی۔ زین کی لاش کھیتوں سے برآمد ہونے پر اہل علاقہ میں بھی خوف پھیل گیا ہے جبکہ والدین اپنے بچوں کو گھر سے باہر نکالنے سے بھی گریزاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ڈسکہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں