مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق، بارہ زخمی ہوگئے

جمعہ 12 اپریل 2024 18:00

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں ذاتی دشمنی کی بناء پر فائرنگ، ٹریفک حادثات اور دیگر واقعات میں5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12افراد زخمی بھی ہوئے۔ چشمہ روڈ پر مسلح راہزنوں نے شہری سے موٹر سائیکل چھین کر تشدد کرکے زخمی کردیا جبکہ5اپریل 2024 تھانہ گومل یونیورسٹی کی حدود گائوں روڈہ میں شادی شدہ خاتون کی خودکشی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا، شوہر قاتل نکلا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شہید نواب کی حدود میں علاقہ رحمانی خیل میں رحمانی خیل اڈہ پر 22سالہ شاہد آفرید ولد غلام ربانی سکنہ رحمانی خیل اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 6نامزد ملزمان سمیت10مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 22سالہ شاہد آفریدی ، 17 سالہ نعیم ولد عبدالغفار ، 22 سالہ اسلام الدین ولد عیسیٰ خان ، 30سالہ گلزار ولد سید غلام ، 16سالہ فرمان احمد ولد محمد نور سکنائے رحمانی خیل زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ٹائپ ڈی ہسپتال پنیالہ منتقل کیا گیا جہاں 22سالہ شاہد آفریدی سمیت2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے افراد جان کی بازی ہار گئے۔

(جاری ہے)

تھانہ صدر کی حدود ٹانک روڈ نزد بیٹنی آباد میں کار اور موٹر سائیکلوں کے تصادم میں معاذ نامی نوجوان جان کی بازی ہار گیا جبکہ 15 سالہ اسماعیل مسعود سکنہ گومل ٹانک، 11سالہ شمس گجر سکنہ تجوڑی ٹانک، 52سالہ اسماعیل سکنہ گل امام ٹانک، 16سالہ سید عمر مسعود سکنہ ڈبرہ ٹانک، 17سالہ شہزاد گنڈہ پور سکنہ ٹانک اور 16سالہ زاہد محمود بیٹنی سکنہ ٹانک زخمی ہوگئے۔

دوسرے واقعہ میں تھانہ چودھوان کی حدود میں پرندوں کے شکار کیلئے جانیوالا18سالہ نوجوان احسان اللہ ولد جمعہ خان سکنہ گرہ اخونزادہ دوران شکار اپنی غفلت سے اسلحہ آتشیں خود فائر کرنے دوران گولی لگنے سے شدید زخمی ہوکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ادھر جھوک وینس کے مقام پر مقامی نجی پبلک سکول کا پرنسپل الطاف جو کہ اپنی دو کمسن بچیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ سی آربی سی پل کراس کرتے ہوئے پل کے حفاظتی جنگلے نہ ہونے کے باعث بچیوں سمیت نہر میں جا گرا ۔

مقامی افراد نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت کمسن بچیوں کو نہر سے زندہ نکال لیا جبکہ مقامی سکول پرنسپل کی نعش کو تلاش کے بعد نہر سے نکال لیا گیا۔ ایک اور واقعہ میں ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ میں دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں قاضی طیب اور شیخ احسان کے بیٹے زخمی ہوگئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے ٹائپ ڈی ہسپتال درازندہ داخل کرادیا گیا۔

ادھرڈیرہ چشمہ روڈ قاضی فلنگ اسٹیشن کے قریب تین مسلح ملزمان نے ڈیرہ سے خانوخیل گھر جانے والے 53سالہ شخص کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کرتے ہوئے اس سے موٹرسائیکل چھین لیا ۔ 5اپریل 2024کو روڈہ میں شادی شدہ خاتون کی جانب سے خودکشی کے واقعہ کی تفتیش کے بعد گومل یونیورسٹی پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی رپورٹ پر مقتولہ کے خاوند کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں