ڈونگہ بونگہ،دودھ فروش یونین کا ریٹ لسٹ میں دودھ کی قیمت فروخت میں اضافہ نہ کرنے پر ہڑتال کا عندیہ

پیر 17 اکتوبر 2022 18:03

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2022ء) دودھ فروشوں کی یونین نے ریٹ لسٹ میں دودھ کی قیمت فروخت میں اضافہ نہ کرنے پر ہڑتال کا عندیہ دے دیا۔ضلع بہاولنگر کے دودھ فروشوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے سامنے دودھ،دہی کی قمیت میں اضافہ کیلئے مطالبہ رکھا گیا ہے ۔ڈیری فارمرز کی جانب سے بھی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے لیکن دوکانداروں کیلئے سرکاری ریٹ لسٹ پر تاحال فروخت کیلئے پرانے ریٹ ہی دئیے جارہے ہیں۔

دودھ فروشوں کی مقامی یونین کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ بہاولپور ڈویژن اور پاکپتن ڈویژن میں دودھ کے سرکاری نرخ 105تا 115روپے فی لیٹر ہیں جبکہ بہاولنگر میں 90روپے فی لیٹر کا ریٹ ہی دیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیری فارمز کی جانب سے دودھ تقریباً 100روپے فی لٹر کے حساب سے مل رہا ہے جس کو 10روپے کم پر فروخت کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

(جاری ہے)

اگر ڈیری فارمرز سے قیمت میں کمی کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو دوکانداروں کو دودھ دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے جبکہ وہی دودھ دیگر شہروں سے آنے والی گاڑیوں کو 120روپے فی لٹر فروخت کردیا جاتا ہے اور اگر لسٹ سے زائد نرخ پر فروخت کیا جاتا ہے تو پرائس کنٹرولر کے ہاتھوں چالان و مقدمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یونین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دودھ کی قیمت کم از کم 110 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ وہ بھی اس کمر توڑ مہنگائی کے دور میں اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں اور اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیئے جاتے تو وہ مجبورا ہڑتال کریں گے اور ضلع بھر میں دودھ کی فروخت بند کر دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں