سندھ اور خیبرپختونخواہ کے عوام کے تحفظات دور کرکے تکنیکی ماہرین ، واٹر اینڈ پاور انجینئرز کی مشاورت سے کالاباغ ڈیم تعمیر نہ کیاگیا تو مستقبل میں اس کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں،پانی و بجلی کی کمی کے مستقل حل کیلئے کالا باغ سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں،ترجمان فیصل آباد چیمبر

جمعرات 20 جون 2019 13:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ترجمان نے کہاہے کہ اگر سندھ اور خیبرپختونخواہ کے عوام کے تحفظات دور کرکے تکنیکی ماہرین ، واٹر اینڈ پاور انجینئرز کی مشاورت سے کالاباغ ڈیم تعمیر نہ کیاگیا تو مستقبل میں اس کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیںکیونکہ پانی و بجلی کی کمی کے مستقل حل کیلئے کالا باغ سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں۔

انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت کو بجلی و پانی کی کمی کی ذمہ داری کے الیکٹرک اور کے الیکٹرک کی جانب سے سندھ حکومت کوذمہ دار قرار دیاجانا حقائق سے فرار کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ کالا باغ ڈیم ایک خالصتاً تکنیکی مسئلہ ہے جسے بھارت اور بعض دیگر طاقتوں کے ایماء پر سیاسی، علاقائی اور لسانی و صوبائی مسئلہ بنادیاگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر سندھ یا خیبر پختونخواہ کوکالا باغ ڈیم کے متعلق کوئی تحفظات ہیں توانہیں واٹر اینڈ پاور انجینئرز ، انٹرنیشنل کنسلٹنسی فرمز اور تکنیکی ماہرین کی مشاورت سے دور کیاجاسکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگرکالا باغ ڈیم تعمیر ہو جاتا تو آج کے الیکٹرک کے پاس بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ کسی دوسرے مہذب اورترقی یافتہ یا ترقی پذیر ملک میں پاکستان جیسی صورتحال ہوتی تووہاں کی حکومتیں تمام وقتی سیاسی و لسانی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی فلاح و خوشحالی کے کالا باغ جیسے منصوبوں پر راتوں رات عملدرآمد یقینی بنادیتے۔ انہوںنے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ حالات سے سبق سیکھتے ہوئے کالاباغ ڈیم کی فوری تعمیر یقینی بنائی جائے تاکہ ملک بھر کے عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق وافر اور سستی بجلی ملنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں درپیش آنیوالے پانی کے خطرناک بحران سے بھی قبل ازوقت نمٹناممکن ہو سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں