رشوت لینے پر چوکی بھائی والا کے سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج

ہفتہ 25 مئی 2019 22:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) : ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سجاد احمد خان کی ہدایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے رشوت لینے پر چوکی بھائی والا کے سب انسپکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔تفصیلات کے مطابق محلہ فاروق آباد کے رہائشی نے اینٹی کرپشن کو درخواست گزاری تھی کہ اس کے کزن کو اسماعیل وغیرہ نے مضروب کردیا جس پر سائل نے چوکی بھائی میں مقدمہ کے اندراج کے لئے رجوع کیا تو وہاں سب انسپکٹر محمد شہباز نے ایف آئی آر کے لئے 18ہزار روپے رشوت وصول کی اور درخواست پر مقدمہ درج نہ کیا۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے سرکل آفیسر شیخ ناصر عباس کوانکوائری کی ہدایت کی جنہوں نے انکوائری کے دوران سب انسپکٹرکو گنہگار تحریر کیا جس کے خلاف مقدمہ درج اور تفتیش اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک محمد طارق کے سپرد کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک دوسری کارروائی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے پولیس میں بھرتی کرانے کے عوض ایک لاکھ 20ہزارروپے رشوت لینے پر محکمہ پولیس کے باورچی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔

موضع مل فتیانہ تحصیل کمالیہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی شوکت علی نے اینٹی کرپشن کو درخواست گزاری تھی کہ ایلیٹ سنٹر بیدیاں روڈ لاہورمیں تعینات باورچی آصف نے اس سے اس کے بھانجے کو پولیس میں بھرتی کرانے کے لئے رشوت وصول کی لیکن بھرتی نہ کرایا۔ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (تفتیش) ٹوبہ ٹیک سنگھ واجد علی بھروانہ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا اور انکوائری کے دوران باورچی کی طرف سے رشوت لینے کا الزام ثابت ہونے پر اس کے خلاف مقدمہ درج اور تفتیش مقدمہ سرکل آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ عثمان تجمل کے سپرد کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں