سرکاری ملازمین کی تمام تنظیموں کے قائدین نے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کردیا ہے،چوہدری ذوالفقار علی کاہلوں

جمعہ 22 جنوری 2021 19:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2021ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کے سینئرنائب صدر چوہدری ذوالفقار علی کاہلوں نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تمام تنظیموں کے قائدین نے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ہر منگل کو ملازمین احتجاج کریں گے اگر حکومت نے 31 جنوری تک ایپکا کیلئے مراعات کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا تو 10فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کا اس وقت اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ بھرنا مشکل ہوچکا ہے۔ وفاقی حکومت ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ہوئے ملازمین کی تنخواہ کا اضافہ بھی کھانا چاہتی ہے۔ ایپکا مسلسل اسلام آباد پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے دھرنے دیتے ہوئے وفاقی حکومت ملازمین کو نظر انداز کرنے کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے ہوشیار کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کرنے سمیت دیگر مسائل حل نہیں کیے گئے تو 10 فروری کو اسلام آباد میں ایپکا مشترکہ طور پر پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین مہنگائی کے تناسب سے تنخواہ میں اضافہ کے لیے 3سال سے احتجاج کررہے ہیں کبھی بجلی مہنگی ہورہی ہے اور کبھی پیٹرول مہنگا ہو رہا ہے لیکن ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہورہا ہے تنخواہ میں اضافے کے لیے کمیٹیاں اور کمیشن بن رہے ہیں جو محض وقت اورملازمین کے دیئے گئے ٹیکس کے پیسوں کا ضیاع ہے۔اس سال اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 200 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہو چکا ہے جس سے سرکاری ملازمین کی قوت خرید میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سرکاری ملازمین کے افراد خانہ کیلئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہوگیا ہے۔کورونا کو جواز بنا کرسرکاری ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کا افسوس نہ ہوتا اگر حکومت تمام ملازمین کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے کسی بھی محکمے کی تنخواہوں یا الاؤنسز میں اضافہ نہ کرتی۔دو نہیں ایک پاکستان'' کا نعرہ لگانے والوں نے خود ملازمین میں بے شمار طبقات پیدا کردیئے جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔

ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں دیکھنا چاہتے ہیں تو سرکاری ملازمین کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے پہلے ان کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں جس میں تمام ایڈہاک ریلیف ضم کرکے نئے پے سکیلز کا اجراء، تمام ملازمین کی بلاتفریق ایگزیکٹو اور یوٹیلٹی الاؤنس وغیرہ کی عطائیگی،سکول ایجوکیشن میں ٹائم سکیل نوٹیفیکیشن کی واپسی کا خاتمہ، تمام ملازمین کی تاریخ تقرری سے مستقلی، احتجاجی تحریکوں کے دوران برطرف کئے جانے والے ملازمین کی غیر مشروط بحالی، سب انجینئر کیلئے ٹیکنیکل الاؤنس کا اجراء، درجہ چہارم ملازمین کو بنیادی سکیل پانچ کی میں پروموشن، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کی طرز پر ریٹائرمنٹ کے موقع پر گروپ انشورنس کی ادائیگی اور دیگر مطالبات شامل ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں