وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس ، ملوث افراد کو 3 ایم پی او کے تحت جیل بھیجیں گے 'ڈی سی

ہفتہ 6 اپریل 2024 22:09

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2024ء) گوجرانوالہ میں پتنگ بازی جیسے خونی کھیل کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی کی پولیس و انتظامی افسران، ریسکیو 1122، طلباء و طالبات اور سول سوسائٹی کے ساتھ آگاہی واک۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف نے پتنگ بازی، مہلک دھاتی ڈور کے استعمال سے ہونے والے حادثات کا سخت نوٹس لیا تھا اور اس کی مستقل بنیادوں پر روک تھام کیلئے اقدامات کے احکامات جاری کئے ہیں۔

اسی سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے آگاہی واک کی قیادت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر دفتر سے سیالکوٹ روڈ تک ریلی نکالی۔ آگاہی واک/ ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران (ایس ایس پی رضوان طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ) ضلع کونسل، ریسکیو 1122، سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، سول ڈیفنس، ہلال احمر کے افسران و ملازمین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے خونی کھیل سے متعلق شہریوں کو آگاہی دی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے شہریوں میں سیفٹی وائرز بھی تقسیم کیں۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس ہے، ملوث افراد کو 3 ایم پی او کے تحت جیل بھیجا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی ہفتہ کے روز اسسٹنٹ کمشنرز پتنگ بازی سے اجتناب بارے آگاہی دیں گے اور واکس کا انعقاد کریں گے۔ یہ معاشرتی ناسور بنتا جا رہا ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ شہری بھی جہاں پتنگ بازی دیکھیں فوری پولیس ہیلپ لائن یا ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی نمبر 0559200070 پر درج کروائیں۔ ایس ایس پی رضوان طارق نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو پتنگ بازی جیسے خونی کھیل سے دور رکھیں، پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جہاں خلاف ورزی پائی جائے فوری گرفتاری عمل لائی جا رہی ہے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں