ضمنی انتخابات، پی پی 32 میں پرویزالہٰی کی بھتیجے کے ہاتھوں حیران کن شکست

کامیاب قرار پانے والے موسیٰ الٰہی چوہدری شجاعت کے بھائی وجاہت حسین کے بیٹے ہیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 22:44

ضمنی انتخابات، پی پی 32 میں پرویزالہٰی کی بھتیجے کے ہاتھوں حیران کن شکست
گجرات ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ضمنی انتخابات میں اپنے بھتیجے کے ہاتھوں حیران کن طور پر شکست ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی پی 32 گجرات کے تمام 168 پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج میں پاکستان مسلم لیگ ق کے موسیٰ الٰہی 70 ہزار 832 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ان کے مدمقابل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی 37 ہزار 275 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔

گجرات سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ محمد اقبال نے حکومتی اتحادی ق لیگ پر بوگس ووٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنوں کا ہم نے دورہ کیا جہاں ووٹر موجود نہیں تھا لیکن جس لاڈلے کو کامیاب کروانے کے لیے ریاستی مشینری حرکت مین آئی اس کے والد نے خود ایک پولنگ اسٹیشن پر 100سے زائد لوگوں کے ساتھ دھاوا بول کر بوگس ووٹ ڈالے، وہاں سارا عملہ اس بات کی گواہی دے رہا ہے، پولیس کی نگرانی میں وہاں دھاندلی ہوئی۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے امیدوار کا کہنا ہے کہ کئی دیگر پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس صرف اس لیے موجود رہی کہ ان کی دھاندلی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ بنے، جو ووٹ ڈالے گئے ان میں نہ کسی ووٹر کا شناختی کارڈ نمبر درج ہے، نہ پریذائیڈنگ افسر کے دستخط موجود ہیں، سرکاری آشیر باد میں یہاں سے مسلم لیگ ق کو جتوانے کی عمل شکل نظر آئی، کئی پولنگ اسٹیشنوں سے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹوں کو اٹھایا گیا۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور پی پی 32 سے ضمنی الیکشن میں امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ ثمیرہ الہٰی نے الزام عائد کیا ہے کہ بیلٹ باکس میں ووٹ پہلے سے ہی بھرے گئے، پولنگ اسٹیشنوں پر تالا لگا کر باہر پولیس بیٹھی رہی، بیلٹ باکس میں ووٹ پہلے سے ہی بھرے جا چکے ہیں، پولنگ کا عملہ مجبور اور بالکل بے بس ہے، پولنگ افسر جواب دینے سے قاصر رہے، موسیٰ الٰہی کا عملہ کاپیاں لے جا چکا، مخالفین نے بیلٹ باکس خود بھرے ہیں۔

گجرات میں شائع ہونے والی مزید خبریں