آصف زرداری کیلئے گرفتاری نئی بات نہیں ،وہ پہلے بھی ان چیزوں سے گزر چکے ہیں،سید ناصر حسین شاہ

نیب جو کارروائی کررہی ہے وہ غیرجانبدارانہ ہونی چاہئے پی ٹی آئی کی 100 روز کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں ، ان دنوں میں وہ اپنی سمت کا بھی تعین نہیں کرسکے، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دینگے وہ بتائیں این آر او ان سے کون مانگ رہا ہے ،صحافیوں سے بات چیت

اتوار 9 دسمبر 2018 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروس سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اگر گرفتار کیا جاتا ہے کہ تو گرفتاری ان کیلئے نئی بات نہیں ہے ، وہ پہلے بھی ان چیزوں سے گزر چکے ہیں، نیب جو کارروائی کررہی ہے وہ غیرجانبدارانہ ہونی چاہئے۔ حیدرآباد پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 100 روز کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں ، ان دنوں میں وہ اپنی سمت کا بھی تعین نہیں کرسکے، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ این آر او نہیں دینگے وہ بتائیں این آر او ان سے کون مانگ رہا ہے ، انہوں نے 2قوانین بنائے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مڈٹرم الیکشن کیلئے وزیراعظم نے خود کہہ دیا ہے اس حوالے سے اگر ہم کچھ کہتے تو ان کے دو گلو بٹ جو زبان کے گلو بٹ ہیں وہ ہم پر چڑھ دوڑتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی میں تجاوزات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر ایکشن ہوا ، میئر کراچی نے انکروچمنٹ کے ساتھ ساتھ قانونی جگہ بھی توڑ دیں جبکہ ان دوکانداروں کو انہوں نے ہی لیز پر جگہ دی تھی اور ماہانہ ان سے پیسے کے ایم سی لیتی تھی ، انکروچمنٹ کے حوالے سے سندھ حکومت سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل میں جارہی ہے ، حکومت کسی بھی غریب کو بیروزگار اور بے گھر ہونے نہیں دے گی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں 6شوگر ملیں چل رہی ہیں باقی شوگر ملیں بھی جلد ہی شروع ہوجائیں گی۔ یہ تاثر غلط ہے کہ اومنی گروپ کی وجہ سے یہ شوگر ملیں بحران کا شکار ہوئی ہیں، اومنی گروپ کی شوگر ملوں کے توخود اکاؤنٹ منجمد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب تک ایک بھی شوگر مل نہیں چلی ہے اور پنجاب کے کاشتکار اس حوالے سے روز احتجاج کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں جیلوں کو شہروں سے باہر منتقل کرنے کیلئے بھی کام کیاجارہا ہے اس کے علاوہ جیلوں کیلئے نیا قانون بنایا جارہا ہے جس میں جیلوں کا پریزن نام کے بجائے کریکشن سینٹر نام رکھنے کی تجویز ہے۔ تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر قریسی، سیکریٹری اطلاعات احسان ابڑو اور دیگر بھی موجو دتھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں