تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بلدیہ اعلیٰ اسٹاف یونین (سی بی ای) کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ، سینکڑوں ملازمین کی شرکت

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:55

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد میں ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بلدیہ اعلیٰ اسٹاف یونین سی بی اے کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ بلدیہ اعلیٰ اسٹاف یونین کے عہدیداران نے مظاہرین سے خطاب کیا اور بلدیہ انتظامیہ، حکومت سندے سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کی جائے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسٹاف یونین کے جنرل سیکریٹری محمد اکرم راجپوت نے کہا کہ نااہل بلدیہ انتظامیہ نے تنخواہوں کی رقم موجود ہونے کے باوجود ملازمین کو تنخواہ ادا نہیں کی۔ یہ بلدیہ انتظامیہ کی بدنیتی ہے۔ اکرم راجپوت نے کہا کہ اللہ کے نبی ؐ نے فرمایا کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کردی جائے لیکن یہ بدبخت بلدیہ انتظامیہ حضرت محمد ؐ کے اس فرمان پر بھی عمل نہیں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر نے 20 اکتوبر 2020 تک تنخواہ ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ایڈمنسٹریٹر نے اپنے وعدے کی پاسداری نہیں کی اور مہنگائی کے دور میں غریب ملازمین کو تنخواہ وقت پر نہ دینا ملازمین کا معاشی استحصال ہے لیکن ہم ملازمین کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اگر انتظامیہ نے اپنی روش تبدیل نہیں کی تو احتجاج کا سلسلہ وسیع کردیا جائے گا۔ یونین کے سینئر نائب صدر سید اسماعیل شاہ نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

یونین کے صدر غلام محمد قریشی نے کہا کہ ملازمین کو اس مہنگائی کے دور میں تنخواہ ادا نہ کرنا ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے ملازمین کے تمام مسائل فوری حل کیے جائیں۔ کنٹریکٹ ملازمین اور 2009 میں بھرتی کیے گئے ملازمین کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔ گریجویٹی و پنشن کے بقایاجات فوری ادا کیے جائیں۔ ملازمین کے پروموشن کیلئے فوری طور پر DPC کی میٹنگ طلب کرکے سینئر ملازمین کو ترقیاں دی جائیں جب تک مسائل حل نہیں ہوں گے احتجاج جاری رہے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں