عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے مثبت تشخص کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ،علی امین گنڈاپور

بھار ت نے پاکستان کیخلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان ایک لمحہ ضائع کیے بغیر کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے گا،وفاقی وزیر امو ر کشمیر و گلگت بلتستان

جمعرات 21 فروری 2019 16:47

عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے مثبت تشخص کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ،علی امین گنڈاپور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے سفارتی سطح پر پاکستان کی حالیہ کامیابیوںکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے اور اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان کی متحرک سفارت کاری کی بدولت پاکستان کو سفارتی محاز پر بے پناہ کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے بعد یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کی جانب سے کشمیر میںبھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید پامالی سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی رپورٹ کی تائید پاکستان اور کشمیریوںکے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے جس سے مسئلہ کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے اور اس مسئلے کے دیرپا حل کے لیے بین الاقوامی برادری کی رائے عامہ ہموار کرنے میں بے پناہ مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر جس طرح پاکستان کے مثبت تشخص کو پذیرائی مل رہی ہے اُس کی ماضی قریب میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی مخلص ،شفاف اور قابل اعتماد قیادت کے باعث بین الاقوامی دُنیا کا پاکستان پر اعتماد میںزبردست اضافہ ہو رہا ہے اوریہی وجہ ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف جومنفی اوربے بنیاد پروپیگنڈے کی پرچار شروع کر رکھی تھی اُس کو روس، امریکہ ،چین ،سعودی عرب سمیت دُنیا کے اہم ممالک نے ماننے سے انکار کر دیا ہے او رانہوںنے پاکستان کی پالیسی کی تائید کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے عمل کو بحال کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہندو انتہا پسندی اور اپنے مفادا ت کی خاطر بھارت انتہا پسندی کے جس راستے پر گامزن ہے اُ س سے بھارت خود ہی دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ انہوںنے جے پور کی جیل میں بے گناہ پاکستانی شہری کی شہادت اور بھارت کے دیگر علاقوں میں کشمیریوں سمیت دیگر مسلمانوں کے گھیرائو جلائو ،قتل غارت اوراملاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نام نہاد سیکولر ز اور جمہوریت کا پرچار کرنے والے بھارت کا ہندو انتہاپسند بدنما چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت 70 سال گزرنے کے باوجود بھی پاکستان کے خلاف تعصب کی آگ میں جل رہا ہے اور ہلے بہانے سے پاکستان کو ختم کرنے کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے ۔انہوںنے کہا کہ اب پاکستا ن کی قیادت عمران خان کے ہاتھوں میں ہے جنہوں نے بھارت اور مسئلہ کشمیر سے متعلق انتہائی ٹھوس اور واضح موقف اپنا رکھا ہے جس کو آج پوری پاکستانی اور کشمیری قوم کی بھرپور تائد حاصل ہے انہوںنے کہاکہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو دُنیا کے تمام فورمزپر بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھے گااور ساتھ ہی خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششیں بھی جاری رکھی جائیں گی ۔

انہوںنے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرکے اپنی زندگیاں آزاد فضائوں میں اپنی مرضی سے گزار سکیں گے۔انہوںنے کہا کہ اگر بھار ت نے پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان ایک لمحہ ضائع کیے بغیر کسی بھی اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوںنے کہاکہ آنے والے دنوں میں پاکستان کو سفارتی محاز کے ساتھ ساتھ معاشی محاز پر بھی بھرپور کامیابیاں حاصل ہو ں گی اور پاکستان عمران خان کی قیادت میں دُنیا کا ایک عظٰیم ملک بن کر سامنے آئے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں