عمران خان کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستانی اور کشمیری عوام کی حقیقی ترجمانی ہے،علی امین گنڈاپور

وزیراعظم نے ایک بار پھر تاریخی خطاب کر کے ثابت کیا وہ حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے حقوق کے وکیل اور سفیر ہیں، وہ دن دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی نعمت سے سرفراز ہونگے،پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ،وفاقی وزیر امور کشمیر

ہفتہ 26 ستمبر 2020 22:48

عمران خان کااقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستانی اور کشمیری عوام کی حقیقی ترجمانی ہے،علی امین گنڈاپور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو پاکستانی اور کشمیری عوام کی حقیقی ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ایک بار پھر تاریخی خطاب کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے حقوق کے وکیل اور سفیر ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب کو نہ صرف پاکستان میں سہرا جا رہا ہے بلکہ کشمیری عوام بھی وزیراعظم کے اس خطاب پر انہیں خراج تحسین پیش کر رہے ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے پرزور انداز سے پیش کیا، انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کی کوششوں سے مسلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گزشتہ سال کی تقریر کے بعد مسلہ کشمیر عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر ہوا اور عالمی سطح پر اس دیرینہ مسئلے سے متعلق عالمی حمایت میں زبردست اضافہ ہوا - علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی جانب سے ایک زبردست مہم جاری تھی جس کو مولانا فضل الرحمان جیسے مفاد پرست اور نام نہاد عالم دین نے اپنے خود ساختہ آزادی مارچ سے ڈی ریل کرنے کی کوشش کی, انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اس قابل مزمت اقدامات سے پوری پاکستانی قوم نے پہچان لیا کہ درحقیقت یہودیوں کا ایجنٹ کون ہے اور کس نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے قومی مفاد کو داؤ پر لگایا، علی امین گنڈاپور نے کہا گزشتہ دنوں کرپٹ اپوزیشن کی اے پی سی بھی اپنے مفادات کو بچانے کے لیے ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کی ایک قابل مزمت کوشش تھی، انہوں نے کہا کہ جس طرح نواز شریف اپنی نام نہاد بیماری کے باوجود پاکستان کی سلامتی کے اداروں کے خلاف بول رہے تھے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ درحقیقت نواز شریف کو کون سی بیماری لاحق ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حمایت میں ڈھنگ سے ایک جملہ ادا نہ کر سکنے والے نے اپنی تقریر کے دوران قومی اداروں کے خلاف صرف اور صرف زہر اگلا جس کو پاکستانی قوم کس صورت میں معاف نہیں کرے گی، انہوں نے کہا کہ ان کرپٹ سیاسی رہنماؤں کو ملکی مفاد سے کوئی سروکار نہیں ہے اور ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے والے مفاد پرست عناصر اپنی کرپشن بچانے کے لیے آج اکھٹے ہو چکے ہیں، علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان مسئلہ کشمیر کو اسی بھرپور انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی نعمت سے سرفراز ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے جاری بھارتی ظلم وبربریت کا خاتمہ ہو گا-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں