وزیراعظم کی وفاقی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت

حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزراء

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:49

وزیراعظم کی وفاقی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو کالعدم تحریک لبیک سے مذاکرات کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیر نورالحق قادری سے ٹیلفونک رابطہ کرکے موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، اور کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج کے حوالے سے بات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور وزیرداخلہ شیخ رشید کو لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کراچی سے لاہور پہنچے اور وزیراعظم کی ہدایت پر حکومتی ٹیم نے لاہور میں ٹی ایل پی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا وفاقی پیر نورالحق قادری نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے علمائے کرام سے ٹیلفونک رابطے کئے ہیں، وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کے لئے لاہور پہنچے، وزیر داخلہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے خصوصی طیارے میں لاہور روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی تھے۔ دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید نے کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کے لئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر سے پولیس فورس مانگ لی ہے۔ وزارت داخلہ نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹریوں کو اسلام آباد کی سیکورٹی کے لئے اینٹی رائٹ فورس دستے بھجوانے کے لئے مراسلے بھیج دیئے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر 10،10 ہزار نفری پر مشتمل پولیس دستے اسلام آباد بھیجیں۔

اسلام آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments