پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بیان پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات میں شکست کی صورت میں مخالف امیدوار کو کام نہ کرنے دینے کا اعلان کھلی غنڈہ گردی ہے، شازیہ مری

پیر 6 دسمبر 2021 16:17

پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بیان پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بیان پر الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کی خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی مخالفین کی جیت کی صورت میں فنڈز کے اجراء کو روکنے کی دھمکی تشویش ناک ہے۔

انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کے اختیارات کی ایماء پر بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش ایک بدترین مثال ہے۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات میں شکست کی صورت میں مخالف امیدوار کو کام نہ کرنے دینے کا اعلان کھلی غنڈہ گردی ہے، بلدیاتی انتخابات میں اپنے بھائی عمر امین کی شکست کے آثار دیکھ کر علی امین گنڈا پور بدمعاشی پر اتر آئے ہیں،جیالے امیدوار فیصل کریم کنڈی کی ڈیرہ اسماعیل خان میں مقبولیت سے پی ٹی آئی کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوکںنے کہاکہ الیکشن کمیشن ووٹرز کو ڈرانے، دھمکانے اور نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دینے پر عمر امین کو نااہل قرار دے۔ شازیہ مری نے سوال اٹھایاکہ سابق صوبائی وزیر اسرار گنڈاپور کے قتل کے ملزم عمر امین کس حیثیت میں پی ٹی آئی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات پر غیرجمہوری طریقے سے اثرانداز ہونے کی کوشش کرنے پر الیکشن کمیشن علی امین گنڈاپور کے ڈیرہ اسماعیل خان میں داخلے پر پابندی عائد کرے، فیصل امین گنڈاپور کو اچانک خیبرپختونخوا میں بلدیات کا وزیر بنانا جبکہ ان کے بھائی عمرامین انتخابی امیدوار ہیں، ایک متنازع فیصلہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں