پی ڈی ایم کا اسلام آباد کی جانب23 مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ

لانگ مارچ اسلام آباد آنے کی تاریخ دیں گے لیکن واپسی کی تاریخ بعد میں دی جائے گی، اجلاس میں فی الحال اسمبلیوں سے فوری استعفے دینے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ ذرائع پی ڈی ایم

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 دسمبر 2021 19:06

پی ڈی ایم کا اسلام آباد کی جانب23 مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 دسمبر2021ء) پی ڈی ایم نے اسلام آباد کی جانب 23 مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا، لانگ مارچ اسلام آباد آنے کی تاریخ دیں گے لیکن واپسی کی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی ایم نے اسلام آباد کی جانب23 مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پی ڈی ایم نے اجلاس میں لانگ مارچ کی بجائے مہنگائی مارچ پر اتفاق کیا، اجلاس میں فی الحال فوری استعفے دینے کا فیصلہ نہیں ہوسکا، استعفوں کا معاملہ اگلے اجلاس میں دیکھا جائے گا۔

مزید برآں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحما ن نے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں آج پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا ،پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ 23مارچ کو اسلام آباد کی جانب مہنگائی مارچ کیا جائے گا،ملک کے ہر کونے سے لوگ اسلام آباد آئیں گے،مہنگائی مارچ کی تیاریوں کیلئے اجلاس بلائے جائیں گے، پنجاب کی سطح پر شہبازشریف اجلاس بلائیں گے، شاہ اویس نورانی سندھ ، فضل الرحمان اسلام آباد میں اجلاس بلائیں گے، محمود اچکزئی بلوچستان میں اجلاس کریں گے۔

(جاری ہے)

وکلاء، سول سوسائٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے حکومت میں آئی ہے، اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفے کا مسئلہ بھی زیربحث آیا،پی ڈی ایم کا اس پر اتفاق رائے موجود ہے، لیکن استعفے کب دینے ہیں یہ کارڈ کب استعمال کرنا ہے، اپنے وقت پر فیصلہ کریں گے۔ پی ڈی ایم اجلاس نے واقعہ سیالکوٹ کی بھرپور مذمت کی ،اجلاس میں قرار دیا کہ کسی بھی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ہے، اس طرح کے واقعات کی مکمل روک تھام ہونی چاہیئے اور اس طرح کے واقعات کی کسی طرح بھی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو لانگ مارچ کا فیصلہ اس لیے کیا کہ مسئلہ قومی سطح کا ہے، ہم بھی قوم کا حصہ ہیں، اس ملک کا کوئی ایک مالک نہیں ہے، ماضی میں لانگ مارچ کا فیصلہ ہم نے کیا تھا، اب فیصلہ پی ڈی ایم نے کیا ہے۔لانگ مارچ سے آگے بھی جائیں گے یا نہیں تو اس پریہ کہوں گا کہ جمہوریت میں کوئی آخری فیصلہ نہیں ہوتا، تحریکیں دیرپا چلتی ہیں۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں