حکومت وقت کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور اسٹیبلشمنٹ نے کچھ نہیں کیا:چوہدری پرویز الٰہی

اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل نہیں وہ نیوٹرل ہیں، ہماری بھی کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات بہترہوں، خان صاحب کے پاس جب بھی گئے ، یہ ہی کہا کہ ہمیں لڑائی والا کام نہیں کرنا،کوئی فائدہ نہیں، ہماری ڈائریکشن یہ ہونی چاہیے کہ ہم سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں،اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز پیر 16 مئی 2022 16:17

حکومت وقت کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور اسٹیبلشمنٹ نے کچھ نہیں کیا:چوہدری پرویز الٰہی
اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 مئی 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ حکومت وقت کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور اسٹیبلشمنٹ نے کچھ نہیں کیا۔امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ کو دیے گئے انٹرویو میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہماری بھی کوشش ہے عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات بہترہوں، خان صاحب کے پاس جب بھی گئے ، یہ ہی کہا کہ ہمیں لڑائی والا کام نہیں کرنا،کوئی فائدہ نہیں، ہماری ڈائریکشن یہ ہونی چاہیے کہ ہم سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں۔

رہنما مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہےکہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے کئی بار ایشوز آتے ہیں اور حل بھی ہوجاتے ہیں جب کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ اس میں کوئی حرج نہیں کہ وفاقی سطح پر جلد الیکشن کرائےجائیں، جلسے اور لانگ مارچ کا دباؤ الیکشن کرانے کے لیے ہے جب کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ میں شریفوں کے ساتھ 22 سال رہا ہوں، ان کے ہاتھ مجھے لگ چکے ہیں، شریفوں کا ہمارے ساتھ تعلقات کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ شریفوں نے ہمیشہ ہمارے ساتھ دھوکا کیا اور ہم نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، اب شریفوں کاساتھ دے کر باربار وہی غلطی دہرانا نہیں چاہ رہے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ لیگ میں کوئی اختلاف نہیں، چوہدری شجاعت صاحب کی جوپارٹی ہے وہی ہے اور طارق بشیرچیمہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں، ہم سب اکٹھے ہیں ۔

رہنما مسلم لیگ ق چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہےکہ طارق بشیر وزیر بنے ہیں تو کیا فرق پڑتا ہے، یہ حکومت کتنی چلنی ہے، وزارتیں ختم ہونی ہیں تو انہیں گھرپرہی آنا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت کیوں بے ساکھیاں ڈھونڈ رہی ہے وہ کیوں کسی اور کی مداخلت کیوں چاہتی ہے؟ حکومت ڈیلیور کرکے دکھائے اور اشیاء کی قیمتیں نیچے کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شہباز شریف اپنی مکینکی دکھائے اور بجلی کا مسئلہ حل کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں