عمران خان بتائیں 2014 میں دھرنا کس کے کہنے پر دیا، عوام کا 50 ارب ڈبو کر 5ارب کے اثاثے بنانے کا، بشیر میمن کے سو الوں کا کیا جواب ہے. رانا ثناءاللہ

توشہ خانہ سے 15فیصد جمع کراکے 15سے 20کروڑ کی گھڑیاں چرانے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے، کوئی بھی آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کسی کاجرم یا مجرمانہ فعل کو ثابت کرنے کے لئے کی جاتی ہے، وہ جرم نہیں. وزیرداخلہ کی اسلام آباد میں پریس کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 جولائی 2022 15:55

عمران خان بتائیں 2014 میں دھرنا کس کے کہنے پر دیا، عوام کا 50 ارب ڈبو کر 5ارب کے اثاثے بنانے کا، بشیر میمن کے سو الوں کا کیا جواب ہے. رانا ثناءاللہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 جولائی ۔2022 ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سب کچھ بتانا چاہتے ہیں تو بتائیں کہ 2014 میں دھرنا کس کے کہنے پر دیا،50ارب عوام کا ڈبو کر 5ارب کے اثاثے بنانے اور بشیر میمن کے سوالات کے کیا جوابات ہیں،عمران خان کو اصل مسئلہ یہ ہے کہ وہ اقتدار میں نہیں ہے، عمران خان دیوار سے لگانے کی بات کی آڑ میں این آر او مانگ رہا ہے،ان کے حواریوں سے سوالات کیے جائیں تو وہ غداری ہے، ماضی میں عمران خان ایسسٹس ریکوری سیل کی آڑ میں انتقامی کارروائی کر رہے تھے، اب انہیں حوصلہ کرنا چاہیے، جو جھوٹے کیسز بناتے رہے ہیں اب انھیں سچے کیسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے، توشہ خانہ سے 15فیصد جمع کراکے 15سے 20کروڑ کی گھڑیاں چرانے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے، کوئی بھی آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کسی کاجرم یا مجرمانہ فعل کو ثابت کرنے کے لئے کی جاتی ہے، وہ جرم نہیں، اگر کسی کو بلیک میل کرنے کے لئے کی جائے تو غلط ہے.

وہ بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے. وفاقی وزیررانا ثناءاللہ نے کہا کہ گذشتہ روز عمران خان نے ایک وڈیو جاری کی کہ ہمیں ہراساں،تنگ کیا جارہا ہے اور دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے،اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوتو میں وہ سب کچھ بتا دوں گا، پہلی بات تو یہ ہے کہ آپ بتائیں کہ آپ کو کیسے ہراساں کیاجارہا ہے، کیا آپ کے خلاف مقدمات قائم کیے جارہے ہیں یا کوٹ لکھپت جیل میں بند، ادویات بند اور گھر سے کھانے سے سہولت نہیں دی جارہی.

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے تین سال عمران خان اپنے مخالفین کے ساتھ یہ سب کچھ کرتے رہے ہیں، آپ کے ساتھ تو ایسا کچھ بھی نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ یہ سوال کرنا کہ اس قوم کا 50ارب کاغبن کرانے کے لئے 5ارب کے اثاثے اپنی اہلیہ، 240کنال بنی گالہ میں فرح کے نام پر جگہ حاصل کی،کیا یہ معلوما ت لینے یا سوال کرنے سے آپ تنگ ہورہے ہیں، اس کا آپ کو جواب دینا ہوگا.

انہوں نے کہا کہ اگر قوم کو سب کچھ بتانے پر تل گئے ہیں تو یہ بھی بتائیں کہ نون لیگ دور حکومت میں دھرنے کس کے کہنے پر دیئے تھے، فرح گوگی اور ملک بھر میں گوگے جو لوٹ مار کر رہے تھے ان سے صرف سوال پوچھا جارہا ہے،ہرسال 700سے 1100ارب کے ترقیاتی فنڈز سے 5فیصد ٹی کے صاحب کو جاتا رہا ہے، وہ کون لوگ تھے جو بنی گالہ کے مکین تصور ہوتے تھے،جن کی آمدورفت کا ریکارڈ نہیں ہے، توشہ خانہ کا بھی جواب دینا ہوگا.

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ بشیر میمن نے جو سوالات اٹھائے تھے،اس کے جوابات کے علاوہ عمران خان ہر بات کررہے ہیں لیکن اس کاجواب نہیں دے رہے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان اور فاضل بنچ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جس کیس جس میں میں6ماہ بے گنا بند رہا ہوں،اس معاملے میں بھی ازخود نوٹس لیا جائے،اگر میرا جرم ثابت ہو تو بڑی سزا دی جائے، اگر میرا قصور نہیں تو اس معاملے میں شامل لوگوں کو سزا دی جائے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اقتدار سے علیحدگی اصل تنگی ہے، دھونس،دھاندلی کا دور ختم ہوچکا ہے، عمران خان بتائیں کہ کیا حکومت نے غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر جمہوری عمل روکا گیا یا لوگوں نے آپ کا ساتھ نہیں دیا، دو اڑھائی ہزار شر پسند مسلح افراد اسلام آباد بھجوائے گئے، اگر فیملیز اور بچے آجاتے تو ہمیں علاقہ خالی کرانے میں مشکلات ہوتیں اور شاہد زیادہ نقصان ہوتا.

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان تو بنی گالہ میں خوش و خرم بیٹھا ہوا ہے،اس کے باوجود تنگ کرنے کی بات کر رہا ہے، ماضی میں عمران خان ایسسٹس ریکوری سیل کی آڑ میں انتقامی کارروائی کر رہے تھے، اب انہیں حوصلہ کرنا چاہیے، جو جھوٹے کیسز بناتے رہے ہیں اب انھیں سچے کیسز کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ 15سے 20کروڑ کی گھڑیاں چرانے والا کیسے صادق و امین ہوسکتا ہے، 15فیصد جمع کرائے باقی جیب میں ڈالے گئے.

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دھکمیوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے، قانون خود اپنا راستہ بنائے گاانہوں نے کہا کہ کوئی بھی آڈیو یا وڈیو ریکارڈنگ کسی کاجرم یا مجرمانہ فعل کو ثابت کرنے کے لئے کی جاتی ہے ،وہ جرم نہیں اگر کسی کو بلیک میل کرنے کے لئے کی جائے تو غلط ہے. انہوں نے کہا کہ ایک خاتون جو خاتون اول بھی رہیں وہ اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے غداری کے سرٹیفکیٹس دے رہی ہیں،اس کا جواب دیا جائے کہ یہ کہا ہے کہ نہیں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے،غریبوں کے لئے ریلیف بھی انھیں ہضم نہیں ہورہا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل بھی ہوتواسے بھی ضمنی الیکشن سے جوڑا جائے گا .

انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں لیکن کوئی اپنے کردار سے آگے بڑھ کر سیاسی جماعت کا ورکر بن کر سیاسی جماعت کے بیانیے کو آگے بڑھانے کے لئے اپنے آپ کو پیش کرے تو صحافی یا اظہار رائے کی آزادی شیلٹر کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، عمران ریاض قابل احترام ہیں ان کی ویڈیو دیکھی جس میں کہہ رہے تھے کہ ہمیں فائلیں دکھائیں گئیں کیا آپ کرائے کے صحافی کے طور پر کام کرتے رہے ہیں، صحافتی تنظیمیں بھی اس کا نوٹس لیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باتوں کا کوئی سر اور پاﺅں نہیں ہوتے، عمران خان کے بچے اور بہت کچھ باہر ہے،پیسے اور جائیداد سے بڑھ کر دولت بچے ہوتے ہیں جو آپ کے باہر ہیں.

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تو کشمیر کا سودا خود کیا، مودی کو کشمیر پلیٹ میں رکھ کر دیا وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مذاکرات سے قبل ڈسکس ہوتا ہے کہ بات چیت کیسے ہو اور کون مذاکرات کرے، ابھی ٹی ٹی پی مذاکرات بارے میں کہا جائے کہ کسی بات پر اتفاق ہوچکا ہے یا بات مان لی ہے،ابھی اس جگہ نہیں پہنچے، قومی سلامتی اجلاس میں عسکری قیادت میں واضح طور پر کہا گیا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے ہوں ، سیاسی اتفاق رائے کے ساتھ آگے بڑھیں، جو بات طے کریں گے یادوسری جانب سے کوئی آفر آئے گی اس سے پہلے پارلیمان کی اجازت سے کوئی چیز قبول یا مسترد کی جائے گی، یہ عمل پارلیمان کی نگرانی میں ہورہا ہے،یہ سیاسی قیادت کا فیصلہ ہے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں جامع بریفنگ دی گئی،ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی، آرمی چیف نے بھی تمام پوائنٹس پر وضاحت کی، بریفنگ میں کوئی رائے نہیں دی گئی بلکہ معلومات دیں گئیں ہیں.


اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں