وزیرعظم کی اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کے لئے 40 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت

وفاقی پولیس کا دیرینہ مطالبہ پورا مخصوص ہسپتال کے لئے 5ہزار ملین مختص ‘اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا مطالبہ پورا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 جولائی 2022 16:15

وزیرعظم کی اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کے لئے 40 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 جولائی ۔2022 ) وزیرعظم شہباز شریف نے سیف سٹی منصوبے کے لئے 40 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے اس منصوبے کے تحت وفاقی دارلحکومت میں 400 کیمرے نصب کیے جائیں گے ، آئی جی اسلام آباد سے وفاقی دارلحکومت کے 100 فیصد علاقے کی کوریج کے لئے فزیبلٹی رپورٹ مانگ لی ہے ،عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر پولیس کے شہدا اور دوران سروس جاں بحق ہونے والے لواحقین کو ایک ارب 22کروڑ روپے ادا کردیئے گئے ہیں ، گرین اور بلیو لائن میٹرو بس سے وفاقی دارلحکومت کے شہری اور دیہی آبادی استفادہ حاصل کرے گی،عیدالاضحی کے بعد وزیراعظم 30ارب لاگت سے کرال تا روات سگنل فری ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے.

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے جمعرات کو یہاں گرین اور بلیو لائن میٹروبس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ ، چیئرمین سی ڈی اے عامر علی ، وزیراعلی پنجاب کے مشیر برائے سیاسی امور ملک ابرار احمد سمیت دیگر تقریب میں شریک تھے.

وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج ایک عام آدمی کی سہولت کے لئے باوقار اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس شروع کررہے ہیں ،آج حکومت کے 100دن پورے نہیں ہوئے لیکن آپ اور آ پ کی ٹیم کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ عام آدمی کو خاص اہمیت حاصل رہی ہے ، آج جس سہولت کا آج آغاز ہورہا ہے یہ اسلام آباد کی شہری اور دیہی آبادی جو تقریبا 4ملین کے قریب ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے اور کرائے بڑھنے سے مالی دباﺅ کا شکار ہیں کے لئے ایسی سہولت ہوگی جو انہیں اشد ضرورت ہے ، عید الاضحی کے موقع پر ان کے لئے ایک خوشگوار تحفے سے کم نہیں ہے.

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کو وزیراعظم نے ہمیشہ اسے اپنی ترجیحی میں رکھا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے مختلف شعبوں کے لئے جہاں فراغدلی کا مظاہرہ کیا وہیں اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا مطالبہ بھی پورا کیا جس پر ہم وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے مساوی کرنے سے ایک ارب کا مالی اثر پڑے گا.

انہوں نے کہا کہ ایف سی ایک ایسی فورس ہے جو پولیس کی مدد کے لئے ہوتی ہے اسے اینٹی ریاٹ کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا تھا اس کے لئے رولز میں تین الفاظ کی ترمیم تھی ،اسے آج تک التوا میں رکھا گیا ،وزیراعظم کی ہدایات پراس میں ترمیم کے ساتھ ساتھ 2000 ایف سی جوانوں کو اینٹی ریاٹ آلات کے لئے 667ملین کی گرانٹ بھی منظور کی ، ایک عام کانسٹیبل جو سارا دن اپنی ڈیوٹی پر کھڑا ہوتا ہے ،باقی فورسز کا یومیہ راشن الاﺅنس 264 تھا ، ایف سی کا 90 روپے تھا جسے بڑھا دیا گیا اس کا مالی اثر ایک ایک ارب پانچ کروڑ روپے ہوگا.

انہوں نے کہا کہ شہدا اور دوران سروس جاں بحق ہونے والوں کے بچوں کے لئے ڈیتھ گرانٹ ، سکول فیسیں ،وظائف پچھلے چار سے پانچ سال یہ رقم جمع ہورہی تھی ، شہدا اور دوران سروس جاں بحق ہونے والوں کے ایک ارب 22کروڑ روپے واحب الاد تھے ، سابق وزیر داخلہ یومیہ دو پریس کانفرنس کرتے تھے لیکن انہیں بیواﺅں اور یتیموں کا خیال نہیں آیا وزیراعظم کی ہدایات پر یہ رقم ادا ہوچکی ہے ، وزیراعظم کی رحم دلی ، انسانیت سے محبت ہی آپ کا وصف ہے ، آپ پر مشکلات اور برا وقت بھی آیا ،اللہ تعالی نے ہمیشہ آپ کو عزت سے سرخرو کیا.

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاقی پولیس کا مطالبہ تھا کہ ان کا اور اہلخانہ کے لئے ایک مخصوص ہسپتال ہونا چاہیے ، وزیراعظم نے اس منصوبے کے لئے 5ہزار ملین مختص کر دیئے ہیں، جلد اس منصوبے کا وزیراعظم سنگ بنیاد رکھیں گے انہوں نے کہا کہ سیف سٹی نظام کا وفاقی دارالحکومت کے 30فیصد علاقے کی کوریج کرتا ہے ، وفاقی دارلحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ نظام ہونا چاہیے تا کہ پورا ملک اس سے استفادہ حاصل کرے ، وزیراعظم نے اس منصوبے کے لئے 40 ملین کی ضمنی گرانٹ مہیا کر دیئے ہیں ، اس سے 400 کیمرے نصب کیے جائیں گے ،اسلام آباد کے 100فیصد علاقے کی کوریج کے لئے آئی جی اسلام آباد سے فزیبلٹی رپورٹ مانگ لی ہے ،اسی سال اس کے فنڈز مہیا کیے جائیں گے.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عیدالاضحی کے فوری بعد 13ارب کی لاگت سے کرال تا روات سگنل فری ایکسپریس وے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے انہوں نے کہا کہ 30 ارب کے منصوبوں کا تعلق براہ راست عام آدمی کے ساتھ ہے. وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت میں اس سے قبل ایسی فراغدلی کے ساتھ کوئی کام نہیں ہوا ، پاسپورٹ آفس اور نادرا میں بہت سے اقدامات پر کام ہورہا ہے مقصد یہ ہے کہ عام آدمی کے لئے بہتر سے بہتر سہولیات کو یقینی بنایا جائے انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقینی دہانی کرائی کہ وزارت داخلہ کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہونگے.

دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف نے مردان پولیس چوکی چمتار میں ہونے والے دھماکے میں 2پولیس اہلکاروں کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ اور زخمی ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس پر بڑھتے ہوئے حملوں اور شہادتوں پر بہت تشویش ہے.

انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کو ہدایت کی کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری اور پولیس پر حملوں کے تدارک میں معاونت فراہم کریں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے میں امن وامان سے متعلق درپیش صورتحال کا جائزہ لیں، وفاق پوری مدد کرے گا. وزیراعظم نے شہدا کے اہلخانہ کو پولیس پیکیج کے تحت امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی انہوں نے شہداءکے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں