شزہ فاطمہ سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات ،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 29 مارچ 2024 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے جمعہ کو ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔فریقین نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

آذربائیجان کے سفیر نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی کو اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔آذربائیجان کے سفیر کے ساتھ گفتگو میں شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے مابین آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے اسٹارٹ اپس کے تبادلہ سے پاکستان آذربائیجان کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، پاکستان اور آذربائیجان کے نوجوانوں کے لیئے مشترکہ آئی ٹی ٹریننگ پروگرام کا انعقاد بہت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیئے ماحول سازگار ہے، پاکستان کے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں بڑا پوٹینشل ہے،آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں آذربائیجان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے کہا پاکستان کا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر ترقی طرف گامزن ہے، آزربائیجان پاکستان کے ساتھ آئی سی ٹی کے میدان میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں