’شہباز شریف کے پاس وقت نہیں‘ نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالنے کا امکان

جس کے پاس کوئی وزارت ہے وہ اس پر توجہ دے رہا ہے جماعت اس وجہ سے نظر انداز ہو رہی ہے، رائے ہے کہ پارٹی کے سیاسی عہدے حکومتی عہدوں سے علیحدہ کر دیئے جائیں۔ ن لیگی رہنماء عرفان صدیقی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 15:53

’شہباز شریف کے پاس وقت نہیں‘ نواز شریف کے دوبارہ پارٹی صدارت سنبھالنے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ایک بار پھر پارٹی کی صدارت سنبھالنے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ مسلم لیگ کے سینئر رہنماء سینیٹر عرفان صدیقی نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف نے ماضی میں جاوید ہاشمی کو پارٹی صدر بنایا اور پھر شہباز شریف کو یہ عہدہ دیا گیا لیکن شہباز شریف کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کہ وہ پارٹی کو دے سکیں اور ن لیگ میں رائے موجود ہے کہ پارٹی کو جز وقتی نہیں کل وقتی صدر چاہیئے، اس لیے امکان ہے نواز شریف مسلم لیگ ن کی پارٹی صدارت سنبھالیں گے۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اس وقت اپنے مشن میں مصروف ہیں، معیشت کی بحالی ان کا سب سے بڑا مشن ہے، پارٹی کے اندر یہ بھی رائے ہے کہ پارٹی کے سیاسی عہدے حکومتی عہدوں سے علیحدہ کر دیئے جائیں کیوں کہ جس کے پاس کوئی وزارت ہے وہ اس پر توجہ دے رہا ہے تو جماعت اس وجہ سے نظر انداز ہو رہی ہے، اس صورتحال میں مسلم لیگ ن میں رائے ہے کہ نواز شریف پارٹی کی صدارت سنبھال لیں، ایک دو ماہ میں اس بارے میں فیصلہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ نواز شریف کے ہائی کورٹ کے ججز کیس میں فریق بننے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، نواز شریف اس کیس میں کوئی درخواست دائر نہیں کر رہے، ان کے کیسز قانونی طور پر اختتام کو پہنچ چکے ہیں، نواز شریف کے خلاف کیسز اخلاقی اور سیاسی طور پر بے نقاب ہو چکے ہیں، جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جج ارشد کی گواہائی کے بعد کیسز کی حقیقت سب کے سامنے آ چکی ہے، نواز شریف کو کوئی ضرورت نہیں کہ ان کیسز کو کھنگالا جائے اور اس میں کوئی درخواست لے کر جائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں