سپیکرنے سنی اتحاد کونسل کے معطل اراکین کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے،شیر افضل مروت

کل ایوان میں خواتین کے حوالے سے غلط اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا،کہ سنی اتحاد کونسل کے ممبران اسمبلی پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 16:50

سپیکرنے سنی اتحاد کونسل کے معطل اراکین کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے،شیر افضل مروت
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے سنی اتحاد کونسل کے معطل اراکین کی رکنیت بحال کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ، کل ایوان میں خواتین کے حوالے سے غلط اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا۔پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ممبران اسمبلی پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی گئی اس موقع پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بیچ بچاوٴ کروایا تھا۔

سپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ میں ان کو بھی دیکھوں گا کہ کیا ان کا رویہ غیر مناسب تھا؟ سپیکر سے گفت و شنید کے بعد انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ آج کی رولنگ پر نظر ثانی کریں گے۔

(جاری ہے)

پہلے ہماری پارٹی توڑنے کی کوشش کی گئی، بلے کا نشان لیا گیا، پھر ہمارے امیدواروں کو اغوا کیا گیا اور کاغذات چھینے گئے۔ ہماری مخصوص نشستوں کو بھی چھینا گیا ہے۔

شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردارایازصادق نے سنی اتحاد کونسل کے دو ممبران کی رواں سیشن کیلئے ممبر شپ معطل کی ہے ۔ممبرشپ ملتوی کرنے کی وجہ صدر کے خطاب کے دوران نازیبا زبان کا استعمال بتایا ہے۔یاد رہے کہ آج سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان میں باجا بجانے اور شورشرابہ کرنے پر رکن اسمبلی جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی رکنیت معطل کر دی،قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا ۔

گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران ایم این اے جمشیددستی کی جانب سے ایوان میں باجا بجایا گیا تھا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشترکہ اجلاس سے جوں ہی خطاب شروع کیا تھا تو ایوان میں اپوزیشن اراکین اسمبلی نے شورشرابا شروع کردیا تھا۔ اپوزیشن اراکین نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے آغاز میں ہی گو زرداری گوکے نعرے لگانے شروع کر دئیے تھے جبکہ پی ٹی آئی اراکین وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگاتے رہے تھے۔

پی ٹی آئی اراکین نے عمران خان کی رہائی کے پوسٹر ایوان میں لہراتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ آصف زرداری کے خطاب کے دوران پورا وقت ایوان میں نعرے بازی ہوتی رہی تھی۔جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے آج ایکشن لیتے ہوئے اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں اراکین اسمبلی جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی رکنیت معطل کر دی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں