چیئرمین معائنہ کمیشن کی عوام اور سیاحوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل

مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کانیلم میں بارشوں،برفباری سے ہونیوالے جانی ومالی نقصان پر اظہارافسوس

منگل 16 اپریل 2024 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبر و چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے آزاد کشمیر باالخصوص ضلع نیلم میں حالیہ شدید بارشوں/ برفباری کے نتیجے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہر ممکن امدادی و حفاظتی کاروائیوں کی ہدایات دی ہیں۔

عوام اور سیاحوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل بھی کی ہے۔ بے موسمی بارشیں اور برفباری اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہیں۔ جنگلات کی بے دریغ کٹائی جنگلی حیات، جڑی بوٹیوں اور معدنیات کی بے دریغ نکاسی، انسانی آبادیوں کی غیر منظم آبادکاری نے قدرتی ماحول کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام الناس میں ماحول کو تباہی سے بچانے کے لیے شعور پیدا کیا جائے تاکہ اس قسم کے نقصانات سے بچا جاسکے۔

پیر مظہر سعید شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی سطح پر جنگلات،جنگلی حیات،جڑی بوٹی اور قیمتی معدنیات کا تحفظ یقینی بنائیں۔یہ آپ کی اور آپ کی آئندہ نسلوں کی بقا کی ضامن ہیں۔ ندی نالوں اور گلیشیئرز کی زد میں آنے والے مقامات پر تعمیرات سے ہر ممکن گریز کیاجائے۔انہوں نے جاگراں نالہ میں طغیانی کے باعث ماں اور بچوں اور خواجہ سیری میں خاتون کادریائے نیلم میں ڈوب کرجاں بحق ہونے پران کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے بلندی درجات کیلئے دعامانگی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں