پشاور سمیت دنیا بھر میںدہشت گردیوں کے پیچھے مغربی فنڈنگ کارفرما ہے ، کالعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کیجائے ،آغا حامد موسوی

فرانسیسی صدر کے اقدامات دہشت گردی اور فساد کی آگ بھڑکا رہے ہیں،تمام مسلم ممالک فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کردیں مسلم ممالک و مکاتب متحد ہوجائیں ، اتحاد سے ہی سازشوں کو پارہ پارہ کیا جا سکتا ہے،توہین رسالتؐ کے سدباب کیلئے جذبہ مختار کو شعا ر بنایا جائے مغرب کے پالتودہشت گرد وں کا پہلا نشانہ مسلمانوں کے مقدس مقامات بنے ، استعماری ممالک جرائم پر معافی مانگیں، 27اکتوبر کا زخم آج تک مندمل نہیں ہوا اللہ کے بعد نبی کریمؐ ؐسے بڑی کوئی ہستی نہیںپیغام مصطفویؐ کو مزید اجاگر کیا جائے دنیا کا ہر مظلوم مہدی موعود ؑکا منتظر ہے،عیدزہرا ؑ و جشن مختارکی محفل میلاد سے خطاب

منگل 27 اکتوبر 2020 23:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پشاور سمیت دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردیوں کے پیچھے مغربی فنڈنگ کارفرما ہے ،حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کے خلاف کاروائی کرے ، فرانسیسی صدر کے اقدامات دہشت گردی اور فساد کی آگ بھڑکا رہے ہیں عالمی ادارے نوٹس لیں،تمام مسلم ممالک فرانس سے سفیر واپس بلائیں اور فرانسیسی سفیروں کو ملک سے نکال کر سفارتی تعلقات منقطع کردیں، ایک آدھ ملک کی جانب سے مصنوعات کے بائیکاٹ سے کچھ حاصل نہیں ہو گا ،توہین رسالتؐ کے سدباب کیلئے امت مسلمہ جذبہ مختار کو شعا ر بنائے ،امن کے نام نہاد ٹھیکیداروں اور مسلم رہنماؤں سے مایوس اہل کشمیر و فلسطین سمیت دنیا کا ہر مظلوم مہدی موعود ؑکا منتظر ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں فلسطینیوں کے ساتھ کئے وعدے پورے کریں،کائنات میںاللہ کے بعد نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑی کوئی ہستی نہیں مسلمانان عالم میلاد النبی ؐ کے ایام میں امن و محبت پر مبنی پیغا م مصطفوی ؐ کو مزید اجاگر کرکے شیطانی قوتوں کی سازش ناکام بنا دیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید زہراؑویوم مختار آل محمدؐکی مناسبت سے محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مسلمانان ایسے موقع پر میلاد النبی ؐ اورعید زہرا ؑ منارہے ہیں جب اسلامی تعلیمات پر حملے عروج پر ہیں دنیا کو امن و آزادی کی نوید سنانے جہالت و گمراہی کی زنجیریں توڑنے والی ہستی نبی کریم محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاکے بنانا اور ان کی ترویج کرنا شیطانی عمل ہی نہیں انسانیت پر حملہ ہے جس کے خلاف دنیا کے تمام مذاہب اور ممالک کو آواز بلند کرنی ہوگی ورنہ امن ناپید ہوجائے گا،ہولوکاسٹ کے خلاف لب کشائی کی اجازت نہ دینے والے ممالک آزادی اظہار کے نام پر اسلام پر حملوں کی حوصلہ افزائی کرکے مجرمانہ منافقت کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کو بحران کا مذہب قرار دینے والوں نے ہی اسلام کو دہشت گردی کے بحران سے دوچار کیا ، سلطنت عثمانیہ کو کرچی کرچی کرنے کیلئے فرانس برطانیہ سمیت مغربی قوتوں نے خود دہشت گرد نرسریوں کو پروان چڑھایا جس کا پہلا نشانہ مسلمانوں کے مقدس مقامات اور ان کی یکجہتی بنی ، ضرورت اس امر کی ہے کہ مغربی ممالک اپنے جرائم پر معافی مانگیں ۔

آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر متواتر حملوں کے بعد پشاور کا سانحہ لمحہ فکریہ ہے ،پاکستان دنیا بھر کی شیطانی قوتوں بالخصوص ازلی دشمن بھارت کے نشانے پر ہے جو وطن عزیز کو اندرونی عدم استحکام سے دوچار کرکے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور پاکستان کو کمزور کرکے کشمیریوں کی پیٹھ ننگی کرنا چاہتا ہے ، کشمیری آج تک 27اکتوبر 1947کے سیاہ دن نہیں بھولے جس کے زخم آج تک مندمل نہیں ہو سکے جب بھارتی افواج برطانیہ کی شہ پر کشمیر میں داخل ہوئیں اور آج تک کشمیر یوں پر ظلم کا قہر برسار ہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ استعماری اور مغربی قوتوں کی نظرمیں مسلمانوں اوردیگر مذاہب کے افراد کی جانیں اورحقوق کوئی اہمیت نہیں رکھتے کشمیر فلسطین یمن بحرین نائیجیریا لیبیا شام افغانستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والی دہشت گردیوں میں بہنے والا خون انہی قوتوں کا کیا دھرا ہے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ مشاہیر اسلام کی توہین کی عالمی سازش کے پیچھے مسلمانوں کی اپنی کوتاہی کا بھی عمل دخل ہے ایک منظم سازش کے تحت رسول کریم کے والدین حضرت عبد اللہ و حضرت بی بی آمنہؑ اور عم محترم حضرت ابو طالب ؑ کی توہین کے واقعات ہوتے رہے پھرامہات المومنین پاکیزہ صحابہ کبارؓاور اہلبیت اطہارؑ سمیت مشاہیر اسلام کے مزارات کو تاراج کردیا گیا لیکن عالم اسلام خاموش رہا جس کے نتیجے میں شیطانی قوتوں کو خیر البشر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس پر حملہ کرنے کی جرات پیدا ہوئی ، وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم ممالک و مکاتب شاتمان اسلام و گستاخان رسول ؐ کے خلاف متحدہ ہوجائیں ، اتحاد کی قوت سے ہی کفر نفاق دہشت گردی کی سازشوں کو پارہ پارہ کیا جا سکتا ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں