سادگی اور کفایت شعاری اپنا کر قومی بحران سے بچا جاسکتا ہے، محمد سلیم بھٹی

پٹرول سمیت ہر درآمدی چیز میں بچت کرنا ہوگی،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 28 مئی 2022 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2022ء) ڈپٹی سیکریٹری انفارمیشن پاکستان پیپلز پارٹی ،محمد سلیم بھٹی نے کہا ہے کہ سادگی اور کفایت شعاری اپنا کر قومی بحران سے بچا جاسکتا ہے۔پٹرول سمیت ہر درآمدی چیز میں بچت کرنا ہوگی،یوم تکبیر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ترقی پزیر ممالک معاشی بحرانوں سے گزررہے ہیں، پاکستان پہلا اسلامی ایٹمی ملک ہونے کے باوجود معاشی بحرانوں کا شکار ہونے کی وجہ سے ترقی پزیر ممالک کی فہرست میں شامل ہے، آج ہم یوم تکبیر منا کر اپنے ایٹمی طاقت ہونے کا مظاہرہ تو کررہے ہیں لیکن ہمیں معاشی اور اقتصادی استحکام حاصل کر کے اپنی ایٹمی صلاحیت کی حفاظت کرنا ہوگی، وگرنہ عالمی صیہونی طاغونی طاقتیں اپنے سامراجی ہتھکنڈوں سے ہمارے ایٹمی پروگرام کے خلاف سازشوں میں کامیاب ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جس عزم اور حوصلے کے ساتھ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت دیگر سائنسدانوں کی مدد سے بین الاقوامی سامراجی قوتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جس عظیم الشان منصوبے کی بنیاد رکھی اسے آنے والے ادوار میں دیگر حکمرانوں نے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیا، نواز شریف نے بھی بھارتی جارحیت کا منہہ توڑ جواب دینے کے لئے ہر مشکل کا سامنا کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا بھر کو خاموش کردیا۔

سلیم بھٹی نے کہا کہ جہاں دیگر درآمدی اشیائ نکو ترک کر کے ہم مشکلات کو کم کرسکتے ہیں وہاں پٹرول جیسی مہنگی درآمدہ شے کے استعمال میں سادگی اختیار کرنا ہوگی، تمام سیاسی قائدین سب سے پہلے صدر، وزیراعظم، وزرائ اور اراکین اسمبلی کے لئے مفت پٹرول اور بجلی کی سہولت کو ختم کر کے بچت کا آغاز کریں، ساتھ ہی جرنیلوں، ججوں اور دیگر نام نہاد اشرافیہ کو دی جانے والی مفت سہولیات کو فوری ختم کر نے کے ساتھ ساتھ ان کو دئے جانے والی تنخواہوں اور سہولتوں میں بھی کمی کر کے بجٹ خسارہ کم کریں،سلیم بھٹی نے مذید کہا کہ کم آمدنی والے سرکاری ملازمین اور عام عوام کو خصوصی سبسڈی دیکر مہنگائی میں رعایت دی جائے۔

تعلیم اور صحت کے بجٹ کو ہرگز کم نہ کیا جائے بلکہ غیر ضروری غیر ترقیاتی بجٹ کی مدمیں کٹوتیاں کر کے سادگی کو فروغ دیا جائے،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پورا کرنے کے لئے جہاں دیگر سخت فیصلے کئے جارہے ہیں، حکومت کو وہیں یہ عوامی مفاد عامہ کے لئے عوامی مطالبات پر مبنی فیصلہ پر بھی عمل درآمدکر کے قومی مشکلات میں کمی کی جاسکتی ہے۔ سلیم بھٹی نے بلاول بھٹو ذرداری کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ لائن پر دوبارہ کام کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ پر جتنی جلد ممکن ہو عمل درآمد کر کے ہم اپنی توانائی کی کمی کو پورا کر سکنے کے ساتھ ساتھ کثیر ذرمبادلہ بچا کر معاشی مشکلات کو کم کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں