فتنہ خان پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہاہے،عابد شیرعلی

جو لوگ عدلیہ کوبرا بھلا کہتے ہیں ان کو سزا ہونی چاہیے،جو قانون ہم پر لاگو ہوئے وہی دوسروں پر بھی لاگو ہونے چاہئیں،لیگی رہنما

ہفتہ 23 جولائی 2022 23:09

فتنہ خان پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہاہے،عابد شیرعلی
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2022ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ فتنہ خان پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہاہے لہٰذاجو لوگ عدلیہ کوبرا بھلا کہتے ہیں ان کونہ صرف سخت سزا ہونی چاہیے بلکہ ہماری چیف جسٹس سے استدعا ہے کہ جو قانون ہم پر لاگو ہوئے وہی ان پر بھی لاگو ہونے چاہئیں۔

ہفتہ کی دوپہر اپنی رہائش گاہ کشمیر ہاؤس آن لائن سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ جو لوگ عدلیہ کو گالیاں دیتے ہیں انہیں پکڑنا اشد ضروری ہے کیونکہ قوم پہلے ہی مایوسی کا شکار ہے اسلئے خدارا اس میں مزید تفریق پیدا نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ملک ہے کہ یہاں ملکی خدمت کرنیوالے شخص کو ملک بدر کردیاگیا اوران کے لوگ سر عام جھوٹے الزام اور کردار کشی کرتے ہیں لیکن خود پچھلے 4 سال سے صوبہ پنجاب کو ڈاکوؤں کے حوالے کیا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرضے ہمارے دور میں ختم ہوئے اور ہم نے آئی ایم ایف سے قرضے ختم کروائے مگر جب ہم ترقی کی طرف جاتے ہیں تو ہماری ٹانگیں کھینچ لی جاتی ہیں۔عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ کیوں حل نہیں ہوااس ضمن میں ارباب اختیار کو فوری نوٹس لینا اور اس کیس کا بھی دوسرے کیسوں کی طرح جلد فیصلہ کرنا چاہیے تاکہ لوگوں کے سامنے ان کا اصل چہرہ آسکے۔

انہوں نے کہا کہ پونے چار سال سے عمران خان فتنہ قوم کو جھوٹ بیچ رہا ہے لیکن حالیہ انتخابات سے لیکر پانامہ ون تک کی بات سب جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت کو چند بندوں کی خواہش کی بھینٹ چڑھایا گیاحالانکہ نواز شریف نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا اورملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی مگر افسوس ہے کہ ملک کی خدمت کرنے والے شخص کو چند افراد کی ذاتی خواہشات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اہلیہ کی بیماری اور ان کی اپنی بیماری پر تماشہ کیا گیامگر نوازشریف نے کبھی بھی عدلیہ کے فیصلوں پر بات نہیں کی۔عابد شیر علی نے کہا کہ کے پی کے میں ہسپتالوں کے بیڈز پانی میں تیر رہے ہیں اور جتنا مقروض عمرانی دور میں کے پی کے کو کیا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے بندے چینلز پر بیٹھ کر عدلیہ کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں لیکن کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں اسی طرح کل رات کو لاہور کی سپریم کورٹ رجسٹری کے گیٹ پر چڑھ کرجو تماشہ لگایا گیاوہ بھی انتہائی شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سوشل میڈیا پر سرعام گالیاں دیتے ہیں کیونکہ انہیں اس کے سوا کوئی کام ہی نہیں آتا لیکن اس کے برعکس نواز شریف نے موٹروے کا جال بچھایا جس پر آپ سفر کرتے ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ حمزہ شہباز کل وزیراعلیٰ کا انتخاب دوبارہ جیت گئے ہیں جن کوہم مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیالیکن آج ان کی تقریر پر پابندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کی بنیاد رکھی ہے جس سے مہنگائی کا طوفان آیا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو صرف بیٹے سے تنخواہ لینے پر نکال دیا گیامگر انہوں نے کبھی عدلیہ کو برا بھلا نہیں کہا۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نوجوان نسل کو ورغلا رہا ہے جس کو مذکورہ انتہائی اقدام سے روکنا ہوگا تاکہ ملک کو اندرونی خلفشار سے بچایا جاسکے۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں