پاکستان میں ٹی10 لیگ کی تشہیری مہم تیزی کردی گئی

کراچیئنز کا نام تبدیل کرکے سندھیز، کیرالہ کنگز کا نام تبدیل کر کے کیرالہ نائٹس کر دیا گیا منیجنگ ڈائریکٹر ٹی 10 لیگ سعد اللہ خان کی پریس کانفرنس

منگل 20 نومبر 2018 01:40

کراچی۔ 18 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) منیجنگ ڈائریکٹر ٹی 10 لیگ سعد اللہ خان نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ٹی 10 لیگ کو کلیئرنس ملنے کے بعد پاکستان میں ٹی10 لیگ کی تشہیری مہم تیز کردی گئی ہے اور اب پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لیگ میں شامل ٹیم کراچیئنز کا نام تبدیل کر کے سندھیز اور کیرالہ کنگز کا نام تبدیل کر کے کیرالہ نائٹس(KERALA KNIGHTS ) کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں اسی لئے فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے عدالت کی جانب سے ٹی10 لیگ کو کلیئر قرار دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے بروقت فیصلہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصلے سے پاکستان میں ٹی 10 لیگ کے فروغ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور اب لیگ انتظامیہ ٹی 10 لیگ کی مقبولیت میں اضافے کے لئے تشہری مہم بھرپور طریقے سے چلا سکے گی۔

سعد اللہ خان نے کہا کہ ٹی 10 لیگ انتظامیہ پاکستان میں کرکٹ کا فروغ چاہتی ہے اور اس کی خواہش ہے کہ بین الاقوامی کرکٹرز پاکستان آئیں تاکہ یہاں بین الاقوامی کرکٹ کے دورازے کھل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی بھرپور کوششیں کر رہا ہے، اس ضمن میں ٹی10 لیگ انتظامیہ پوری طرح پی سی بی کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔

سعد اللہ خان نے کہا کہ پی سی بی کے تعاون کی بدولت پاکستانی کرکٹ اسٹارز ٹی10 لیگ میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور وہ شارجہ میں کھیلے جانے والی ٹی 10 لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں اپنے شاندار کھیل سے شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے، پاکستانی کرکٹرز کے پرستاروں میں صرف پاکستانی نہیں بلکہ دیگر ممالک کے شائقین بھی شامل ہیں جو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی10 لیگ کی تمام تیاریاں مکمل ہیں اور یہ شیڈول کے مطابق شروع ہو گی، اس بار چونکہ ٹورنامنٹ کا دورانیہ اور میچوں کی تعداد زیادہ ہے جس کی وجہ سے اضافی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، لیگ کو شفاف بنانے کے لئے بھی بھرپور کوششیں کی گئی ہیں، ٹی 10 لیگ کا پہلا ایڈیشن کرپشن سے پاک تھا جس کی گواہی آئی سی سی کا انٹی کرپشن یونٹ پہلے ہی دے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے انٹی کرپشن یونٹ کی رپورٹ کی وجہ سے آئی سی سی نے لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ انتظامیہ اپنے دوسرے ایڈیشن کو پہلے ایڈیشن سے زیادہ صاف و شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے اضافی اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی کو بھی اس پر انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملے اور یہ دنیا کی سب سے صاف ستھری اور کرپشن سے پاک لیگ قرار پائے۔ یاد رہے کہ21 نومبر سی2 دسمبر تک شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 10 لیگ کے دوسرے سیزن میں29 میچز کھیلے جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں