میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے،

کاروبار میں سہولت، ایف بی آر کی اصلاحات اور تجارت کے لئے ساز گار اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں، حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، تاجر برادری ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھائے وزیراعظم عمران خان کی ایف پی سی سی آئی اور تاجر برادری کے وفد سے گفتگو

جمعہ 24 مئی 2019 18:07

میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے،
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے، کاروبار میں سہولت، ایف بی آر کی اصلاحات اور تجارت کے لئے ساز گار اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں، حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، تاجر برادری ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) اور تاجر برادری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کراچی چیمبر ز آف کامرس، ایمپلائرز فیڈریشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس، پاکستان لیدر گارمنٹس، رائس ایکسپورٹ، پاکستان آٹو موٹیوپارٹس، پاکستان بیڈ وئیر ایکسپورٹرز، پاکستان ڈینم مینو فیکچررز، ٹاول منیو فیکچررز، پاکستان ہوزری و دیگر کاروباری شعبوں کے نمائندگان شریک تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسمعیل ، وفاقی وزیر براے بحری امور علی زیدی، مشیر براے تجارت عبدالرزاق داؤد ملاقات بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت سب سے زیادہ تاجر اور سرمایہ کار دوست حکومت جانی جائے، ان کا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے جس میں تاجر برادری میرا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے معیشت کو کرپشن سے تباہ کر دیا، ہمیں ایک خستہ حال معیشت ملی، میں چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کی توجہ معاشی استحکام پر مرکوز ہے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک میں ماہرین تعینات کیے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نجی شعبہ معیشت کے استحکام اور اقتصادی ترقی میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرے، حکومت سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں ہر ممکن تعاون کرے گی اور تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروبار میں سہولت، ایف بی آر کی اصلاحات اور تجارت کے لئے ساز گار اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔ اس موقع پر کاروباری برادری کی جانب سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ وفد کی جانب سے معاشی استحکام اور اقتصادی اہداف کے حصول کے لئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں