پانی کی عدم فراہمی کے سبب پیپلزپارٹی کے جیالے ہی اب اپنی جماعت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، خرم شیر زمان

جمعہ 23 اگست 2019 18:51

پانی کی عدم فراہمی کے سبب پیپلزپارٹی کے جیالے ہی اب اپنی جماعت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، خرم شیر زمان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے شہر میں پانی کی عدم فراہمی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا 70 فیصد حصہ پانی سے محروم ہے۔سمندر کنارے بسے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں، لیکن حکومت سندھ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔پیپلز پارٹی کی نااہلی کی وجہ سے جیالے اپنی ہی جماعت کے خلاف پانی کی فراہمی کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی اس سے بڑی ناکامی کیا ہوگی کہ پیپلز پارٹی کے جیالے ہی اسکے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔30 سال حکومت کے باوجود پیپلز پارٹی اس صوبے کی قسمت نہ بدل سکی۔کراچی دنیا کا پہلا شہر ہے جو کہ سمندر کنارے بسا ہے،لیکن پھر بھی پانی کی بوند بوند کو ترس گیا ہے۔

(جاری ہے)

پانی ایک بنیادی ضرورت ہے اسکے بغیر زندگی کا تصور ہی نہیں ہے۔

بلاول بھٹو ابو اور پھپھو بچاو کے بجائے جیالے بچاو مہم چلائیں۔بعد ازاں رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت اب سنگین بحران کی شکل اختیار کرچکی ہے۔وہ وقت دور نہیں کہ شہر میں اب پانی کے حصول کے لیے فساد ہونگے۔ پاکستان تحریک انصاف نے متعدد بار حکومت سندھ اور واٹربورڈ کی توجہ اس پر دلوائی ہے۔واٹر بورڈ،ٹینکر مافیا اور حکومت سندھ کی ملی بھگت سے شہریوں کو پانی نہیں دیا جارہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے لوگ ہی اب انکے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی خیر منائے۔ انکا وقت ختم ہوچکا ہے۔وزیراعظم عمران خان ملک و قوم کے حقوق لوٹنے والوں کو ہر گز نہیں بخشے گے۔پاکستان تحریک انصاف جلد ہی اس شہر کے مسائل کو حل کرے گی اور شہر کو کسی صورت بھی لاوارث نہیں چھوڑے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں