دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے، گورنر سندھ

دنیا کو پر امن بنانے کے لئے 70 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا ہے ، فارن ڈپلومیٹ کورس کے شرکاء سے بات چیت

جمعہ 28 فروری 2020 21:41

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا جس کی ساری دنیا معترف ہے ، ہم نے اس جنگ میں 70 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا ہے جس کا واحد مقصد دنیا کو پر امن جگہ بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 33 ویں مڈ کیریئر فارن ڈپلومیٹ کورس کے شرکاء سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

کورس کا اہتمام فارن سروس اکیڈمی اسلام آباد نے کیا ہے اور اس میں کئی ممالک کے سفارت کار شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شروع سے کہتے آئے ہیں جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں اور تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنا چاہیے۔ اب دنیا نے اس بات کو تسلیم کرلیا ہے اور امریکہ اور طالبان مذاکرات کی ٹیبل پر ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ مسئلہ افغانستان حل کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو مسئلہ کشمیر پر توجہ دینا چاہیے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں 70 سال سے زائد عرصہ سے بھارتی افواج کے مظالم جاری ہیں اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو گزشتہ 6 ماہ سے دنیا کی سب بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی قابل مذمت ہے ۔ گورنر سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو بھرپور آزادی حاصل ہے۔

انہیں اپنی پسند کے شعبہ میں آگے بڑھنے کے لئے ہر ممکن مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔ ایک اور سوال پر گورنر سندھ نے کہاکہ کراچی سمیت پورے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوچکی ہے اور عالمی سطح کے ایونٹس کا انعقاد اس کا ثبوت ہے ۔ شرکاء نے صوبہ میں امن وامان کے قیام، گورنر کے آئینی کردار، ملک کے معاشی حب کراچی کے کردار اور دیگر امور پر سوالات کئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں