کراچی، ہیلتھ الائنس نے 11 جون سے ہڑتال کا عندیہ دے دیا

محکمہ صحت اسپتال ملازمین کو رسک الاؤنس دے اور کورونا سے شہید اور متاثر ملازمین کیلئے پیکج منظور کیا جائے، ہیلتھ الائنس کا مطالبہ

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 4 جون 2020 12:42

کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-04جون2020 ء) کراچی میں ہیلتھ الائنس نے 11 جون سے ہڑتال کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس حوالے سے اعلانیہ جاری کیا گیا ہے جس میں ہیلتھ الائنس حکام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ محکمہ صحت اسپتال ملازمین کو رسک الاؤنس دے اور کورونا سے شہید اور متاثر ملازمین کیلئے پیکج منظور کیا جائے۔ ہیلتھ الائنس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات کو پورا نہ کیا گیا تو 8 جون سے ٹوکن احتجاج کریں گے۔

تا ہم حکام کی جانب سے 11 جون سے مکمل ہڑتال کا بھی عندیہ دے دیا گیا ہے۔ دوسری طرف سندھ میں ہسپتالوں کی صورتحال کے حوالے سے ڈاکٹروں نے خبردار کر دیا ہے۔ سندھ کے 85 فیصد ہسپتال اور میڈیکل یونٹس بھر چکے ہیں۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے حکومتی انتظامات پر تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

بات کرتے ہوئے رہنما پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر مصباح عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے مختص وینٹی لیٹرز حکومتی اعداد و شمار سے بہت کم ہیں۔ تاہم اس بات کا بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کے 85 فیصد ہسپتال اور میڈیکل یونٹس بھر چکے ہیں۔ ڈاکٹروں کے بعد اب ہیلتھ الائنس نے بھی اپنے مطالبات پیش کر دیئے ہیں جس کے ساتھ ہی مطالبات مکمل نہ ہونے کی صورت میں 11 جون سے ہڑتال کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی وار بہت تیز ہو گیا ہے جس کے بعد حالت سنجیدگی کی طرف جا رہی ہے۔ اس وقت مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ابھی تک کورونا کی مجموعی صورتحال کی بات کی جائےتو اموات کی مجموعی تعداد 1729 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 83292 تک پہنچ گئی ہے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں