گورنر سندھ کی ترکش قونصل خانہ میںافطار و عشائیہ میں شرکت

تجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہورہے ہیں، گورنر سندھ

جمعہ 29 مارچ 2024 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ترکش قونصل خانہ میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کی جانب سے افطار و عشائیہ میں شرکت کی۔ قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو اور TIKA کوآرڈینیٹر حلیل ابراہیم بساران نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ تقریب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔ تقریب میں یتیم بچوں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، اس موقع پر گورنر سندھ نے بچوں میں عیدی اور مختلف تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔

گورنر سندھ نے اس شاندار تقریب میں مدعو کرنے پر قونصل جنرل جمال سانگو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں یتیم و خصوصی بچوں کے ساتھ وقت گذارکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ترکش قونصل جنرل اور کوآرڈینیشن ایجنسی (TIKA) کے اشتراک سے اس تقریب کا اہتمام نہایت خوش آئند ہے ، انسانیت کی خدمت کرنے سے نہ صرف اللہ رب العزت خوش ہوتا ہے بلکہ دنیا و آخرت بھی سنورتی ہے، یہاں شریک تمام بچوں گورنر ہائوس میں افطار کی دعوت دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

جو کچھ ان بچوں کے لیے کیا جارہا ہے وہ اجر عظیم کا باعث ہے، یہی بچے آگے جا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ترکیہ تعلقات باہمی اعتماد ، مشترکہ اقدار، مذہبی مماثلت پر مبنی ہیں، پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے سرمایہ کار صوبہ باالخصوص شہر کراچی کے سازگار ماحول کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کرکے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں، اس ضمن میں اعلی تعلیم یافتہ ، باصلاحیت اور محنتی افرادی قوت بھی سرمایہ کاروں کے لئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ تجارتی و ثقافتی وفود کے تبادلے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے میں مدد گار ثابت ہورہے ہیں۔ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، اور عوام کے درمیان رابطوں کے ذریعے اسے مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں