معاشی استحکام کے لیے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا، وزیراعظم

بدھ 24 اپریل 2024 16:51

معاشی استحکام کے لیے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا، وزیراعظم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی استقامت کے لیے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑیگا،8 فروری کے انتخابات کے نتیجے میں وفاق میں منقسم مینڈیٹ ملا، سندھ میں پیپلز پارٹی کو اللہ نے بھرپور موقع دیا، بلوچستان میں اتحادی حکومت ہے، پنجاب میں ہمیں مینڈیٹ ملا،مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ہمیں صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے وفاق میں گہرا تعاون اور گہرے تعلق کو پذیرائی دینے کی ضرورت ہے ،سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، پاکستانی عوام کے لیے مل کر کام کریں گے ،اس پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے،اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے،سعودی اور ایرانی قیادت کے دوروں سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

وہ سندھ کابینہ کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پاور ڈویڑن اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، سندھ کابینہ کے ارکان اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتیجہ میں ہمیں مینڈیٹ ملا ہے، ہمیں اس مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے مل کر ملک کی خدمت، صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہے تاکہ ہم عوام کے مسائل کو حل کر سکیں، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ معاشی استحکام کا ہے، اس کے لئے وفاق اور صوبوں کو قریبی تعلق بنانا پڑے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ قریبی رابطہ ہے، وفاقی اور صوبائی وزرا بھی ایک دوسرے کے ساتھ تعلق استوار رکھیں، سندھ کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، پنجاب کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، اسی طرح دیگر صوبوں کی ترقی بھی پاکستان کی ترقی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ اس تعلق کو مضبوط بنائوں، بعض اوقات ہمیں ایسے فیصلے بھی کرنا پڑیں گے جو شاید ہم اپنے لئے پسند نہ کرتے ہوں لیکن ملک کے عوام اور صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے کرنا ہوں گے تاکہ جمہوریت اور ترقی کی گاڑی آگے بڑھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی اور ایرانی وفود نے پاکستان کا دورہ کیا ہے، ایران کے صدر کراچی بھی آئے، اسی طرح آئندہ بھی امید ہے کہ سرمایہ کاری کے لئے وفود بھی پاکستان کا دورہ کریں گے اور چاروں صوبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے لیکن یہ تبھی ممکن ہے جب ہم اپنا ہوم ورک کریں، آپس میں ہم آہنگی و یکسوئی ہو اور پوری تیاری اور یکساں سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملک کے عوام کے لئے ٹیم بن کر کام کریں گے، اس کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی انہوںنے کہاکہ جب ہم نی2022 میں شروع کیا تو تب ہمارے پاس بس 15،16 مہینے تھے اب ہمیں سفر کو آگے بڑھانا ہے، اس وقت سندھ کی نمائندگی بہت زیادہ ہے کابینہ میں، سندھ کے لوگ امید کرتے ہیں کہ سندھ اور وفاقی حکومت ان کی امیدیں پوری کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں