مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں یکجہتی واک

پیر 5 فروری 2024 16:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کے زیراہتمام یوم کشمیر کے موقع پر پیر کو نشان پاکستان(سی ویو)پر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی واک میں چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کراچی الطاف ساریو، ڈائریکٹر انفارمیشن منصور راجپوت اور کے پی ٹی کے افسران بالا بشمول جنرل منیجرز و تمام افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سکول کے طلبا اور طالبات نے عزم و جذبہ کا مظاہرہ کیا۔ یکجہتی واک کا مقصد کشمیری حریت پسندوں کے خلاف جاری بھارتی ناپاک عزائم کی نفی کرنا اور اس کے خلاف احتجاج رقم کرنا ہے۔ طلبا کی ایک کثیر تعداد نے بھی واک میں شرکت کی اور کشمیری حریت پسندوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کے پی ٹی سیدین زیدی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری خودمختاری کو تہہ بالا کرنے والے ایکٹ " 35A اور 370" کو ظالمانہ اور غاصبانہ قرار دیا اور کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے بھرپور انداز میں احتجاج کیا۔

انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ اس احتجاج کی ایسے تشہیر کی جائے کہ پوری دنیا میں اس کی گونج سنائی دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن جلد طلوع ہوگا جو آزادی کا سکھ کا سانس کشمیریوں کو نصیب کرے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں