سندھ حکومت کی شہر قائد میں صفائی مہم ٹوپی ڈرامہ ہے، اسلم خان

پیپلز پارٹی سندھ میں اب بھٹو کارڈ نہیں کھیل سکتی ، ایم پی ا ے عمر عمیری

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و ممبر قومی اسمبلی اسلم خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی کراچی میں صفائی مہم صرف ایک ٹوپی ڈرامہ ہے، پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے مسائل کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھایا اور وزیراعظم عمران خان کراچی کی عوام کو ریلیف دینے اور شہر قائد کے مسائل کو حل کرنے میں نہ صرف سنجید ہ ہیں بلکہ اس کے لیئے جامع اقدامات بھی کیے جارہے ہیں ، گزشتہ گیارہ سالوں سے صوبہ سندھ میں اقتدار پر براجمان پیپلز پارٹی نے پورے صوبے کا ستیا ناس کردیا ہے، ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پی ایس 127کے دورے کے موقع پر کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر ایم پی اے عمر عمیری بھی موجود تھے، ممبر قومی اسمبلی اسلم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی کی عوام شدیدمشکلات اور ذہنی کوفت کا شکا رہے، سڑکوں کی زبوں حالی اور چاروں اطراف ابلتے ہوئے گٹر، ہر طرف گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، کراچی کے باسیوں کے کوئی پرسان حال نہیں ، روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں میں دھکیلنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، کراچی کی عوام کے مسائل کو قومی اسمبلی میں اٹھائوں گا اور کراچی کی آواز بنوں گا، شہر قائد پاکستانیوں کا معاشی حب ہے اور پاکستان کے کونے کونے سے لوگ یہاں روزگار کمانے آتے ہیں ، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیئے کراچی میں امن اور زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی دستیابی بہت ضروری ہے، اس موقع پر ایم پی اے عمر عمیری کا کہنا تھا کہ کراچی کی 80فیصد عوام کو صحت، تعلیم اور روزگار جیسی سہولیات سے جان بوجھ کر محروم رکھا جا رہا ہے، سندھ میں ہمیشہ اشرافیہ کی حکومت رہی ہے، سندھ میں صحت و تعلیم کا نظام مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو اس کے گڑھ لاڑکانہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں شکست دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ لاڑکانہ کی عوام نے بھٹو کو نظر انداز کردیا ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام کو کچھ نہیں دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اگلے الیکشن میں پورے سندھ میں کامیابی حاصل کریگی اور صوبہ سندھ میں حکومت بنا کر سندھ کے عوام کی محرومیوں کو ختم کریگی، انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا سندھ کارڈ اور بھٹو کارڈ اب نہیں چلے گا ، پیپلز پارٹی اب مزید سندھ کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتی اور وہ وقت دور نہیں جب سندھ کے تمام وزراء کو چھپنے کے لیئے جگہ نہیں ملے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں