عوام کی چیخیں نکل جانے کے باوجودپی ٹی آئی شرمندگی یا افسوس سے قطعی عاری ہے،وقار مہدی

جمعہ 24 جنوری 2020 00:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے پی ٹی آئی کی حکومت کو نوٹنکی بازکی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں غذائی اجناس سمیت ہر چیز پر حکومت کی جانب سے قہر پڑنے اورعوام کی چیخیں نکل جانے کے باوجودپی ٹی آئی شرمندگی یا افسوس سے قطعی عاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک کے صدر، وزیراعظم اور کابینہ کو ڈالر، آلو، ٹماٹر، آٹے،چینی، دال کا نہیں پتا وہ ملک اور عوام کیلئے کیا فلاحی کام کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے ریکارڈ توڑ قرضے لینے کے باوجود آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی سمجھ سے بالاتر ہے۔ عمران نیازی کی نالائقی کے سبب آج پاکستان پوری دنیا میں مذاق بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وقار مہدی نے کہا کہ آٹا بحران کیخلاف سلیکٹڈ وزیراعظم کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیشن بھی ایک مذاق ثابت ہوگا اور انکوائری کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکے گا کیونکہ فلور اور شوگر کارٹل در حقیقت نیازی حکومت کے جدامجد ترین کارٹل کا ایک رخ ہے۔

تحقیقات اگر کروانی ہی ہے تو کم از کم سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے بصورت دیگر قوم سے مذاق بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سال اور اسکا ایک ایک دن عوام پر عذاب بن کر گزر رہا ہے عوام معاش بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔ تنخواہ دار طبقہ ہر مہینے 15 دن بعد قرض لینے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا آٹے کے بعد اب چینی کا بحران سر اٹھا رہا ہے ترین کارٹل چینی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ایک پہر ڈاکہ مارنے کے درپے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں