وفاقی وزراء ور معاونین کی باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں ، اصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، جام اکرام اللہ دھاریجو

پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے پیراشوٹی سیاسی یتیم حکومتی گھونسلے میں بیٹھ کر شور مچانے پر مامور کردیا گیا ہے جو جلد ہی منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت

بدھ 29 جنوری 2020 00:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جنوری2020ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے وزرائ اور معاونین کی باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں اور اصل عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ یہ بات ا نہوں اپنے وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر مراد سعید کی میڈیا بریفنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے معاونین اور سلیکٹیڈ وزرا کی میڈیا میں باتیں جھوٹ کا پلندہ ہیں اور عوام کو ان جھوٹی باتوں پر شدید تحفظات ہیں کہ جھوٹے لوگ مزید کتنا جھوٹ بولیں گے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کے بارے میں کیوں نہیں بتایا جاتا اور اس کے ساتھ عوام کو آٹا، چینی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں بھی بتایا جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ کابینہ میں آٹا بحران تلاش کرنے کی باتیں کرنے کے بجائے اپنی صفوں میں بیٹھے ان عناصر کو کیوں بے نقاب نہیں کیا جا تا جو ان بحرانوں کا سبب ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو کے مطابق گورنر ہائوسز سمیت وزیراعظم ہائوس میں کب یونیورسٹیاں بنانے کی جھوٹی باتیں کرنے والوں کو سابقہ صدر آصف علی زرداری پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت جن منصوبوں پر موجودہ حکمران سیاست چمکا رہے ہیں وہ آصف زرداری کا ذہن کی پیداوار ہیں۔پیپلز پارٹی کے وفاقی حکومتوں میں عوام کو روزگار ملا اور ملک کو میگا منصوبے ملے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مسلط لوگوں کو طرز حکمرانی کا پتہ ہی نہیں اورصنعتکار اور کاروباری طبقہ کو سہولتیں فراہم کرنے کہ بجائے اسٹیٹ بنک کے گورنر سے پریس کانفرنس کروانا کم عقلی نہیں تو اور کیا ہے۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ موجودہ شرح سود کاروباری طبقہ کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکومت بلند شرح سود سمیت گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں آئے دن اضافہ کرکے کاروباری طبقہ سمیت عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو ماہ سے صنعتوں کو گیس کی فراہمی میں تعطل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پیداوار مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔

گندم کی بڑھتی قیمت کی وجہ سے کروڑوں افراد مزید غربت میں چلے گئے ہیں اور عوام یہ پوچھنے پر حق بجانب ہیں کہ وفاقی کابینہ کب عوام کی فلاح وبہبود کے لیے فیصلے کرے گی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے پیراشوٹی سیاسی یتیم حکومتی گھونسلے میں بیٹھ کر شور مچانے پر مامور کردیا گیا ہے جو جلد ہی منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں