کراچی دشمنی ، آئی ایم ایف کی غلامی پر اپوزیشن وحکمران جماعتیں ایک ہیں ،ْحافظ نعیم الرحمن

ایم کیو ایم بتائے کہ نعمت اللہ خان کے کراچی ترقیاتی منصوبے کیوں مکمل نہیں کیے گئے امیرجماعت اسلامی کراچی 30جنوری کو شہر بھرمیں 50مقامات پر احتجاجی دھرے دیے جائیں گے ،ْ کریم آباد چورنگی پر احتجاجی دھرنے سے خطاب

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی دشمنی ، آئی ایم ایف کی غلامی ، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پراپوزیشن اور حکمران جماعتیں ایک پیج پر ہیں ، صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو عوام کو اس کے بنیادی حقوق دلواسکتی ہے ، کراچی اپنی اصل شکل کی طرف لوٹے گا ،30جنوری کو شہر بھرمیں 50مقامات پر احتجاجی دھرے دیے جائیں گے اور اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،کراچی بد ترین صورتحال بھی پورے ملک کی معیشت چلارہا ہے ،کراچی کو بھی اس کا حق دیا جائے ،کراچی دشمنی پیپلزپارٹی کی خمیر میں موجود ہے ، پیپلزپارٹی کراچی سے لینا جانتی ہے لیکن کچھ دینا نہیں جانتی ،ایم کیو ایم اور اس کی دھڑیں بتائیں کہ نعمت اللہ خان کے بعد کراچی میں ٹرانسپورٹ کا نظام کیوں برقرار نہیں رہ سکا ،K4کا منصوبہ کیوں مکمل نہیں کیا گیا ،نعمت اللہ خان کے بنائے گئے 8کروڑ کے بجٹ کے منصوبے 40کروڑ تک کیسے پہنچ گئے بد قسمتی یہ ہے کہ 15سال قبل K4کی منظوری دی اور آج15سال بعد پھر سے K4کی منظوری دی جارہی ہے ، حکمران بتائیں کہ K4منصوبے پر کتنے رقم خرچ کی گئی ،ایم کیو ایم بتائے کہ کراچی میں پارکس اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضے کیسے ہوئی ،چیف جسٹس آف پاکستان عوام پر ظلم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت کریم آباد چورنگی پر درست مردم شماری، با اختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات اور شہر قائد کے گھمبیر مسائل کے حوالے سے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی فاروق نعمت اللہ ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید ، اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد ،نائب امیر ضلع خالد صدیقی ،قیم ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ،جے آئی یوتھ ضلع گلبرگ وسطی کے صدر فیصل ، تاجر رہنمابابر خان بنگش ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مظاہرے میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں کروائے گئے ترقیاتی کاموں پرمشتمل ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی۔ مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ حق دو کراچی کو، پورا ٹیکس اور آدھی گنتی نامنظور نامنظور، تین کروڑ عوام کا نعرہ مردم شماری دوبارہ، وفاق کے ارادے چکناچور آدھی گنتی نامنظور، وفاق کا خواب چکنا چور آدھی گنتی نامنظور، لولی پاپ نہیں بااختیار شہری حکومت، کوٹہ سسٹم ختم کرو، پورا ٹیکس اور آدھی گنتی نامنظور، کراچی کے نوجوان بے روزگار کیوں ، اتحادی جماعتوں کی سیاست بازی نہیں چلے گی، کراچی کا مطالبہ مردم۔

شماری دوبارہ ، گیس کی لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرو، بھوکے بچو ںکی پکار گیس کی فراہمی لگاتار۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کراچی کے تین کروڑ سے زائد شہریوں کے حقوق کا مطالبہ کررہی ہے ،شہر کراچی ترقی یافتہ شہر تھا ، 50کی دہائی میں ٹرام چلا کرتی تھی لیکن آج کی نسلوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام تک موجود نہیں ہے ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،جماعت اسلامی عوامی جدوجہد کے ذریعے ٹرانسپورٹ کا نظام قائم کروائے گی ،گزشتہ دنوں شیخ رشید نے کراچی سرکلر ریلوے کا اعلان کر کے جعلی افتتاح کیا ،کراچی سرکلر ریلوے میں آج تک ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ رہی ہے اور آج بھی پی ٹی آئی کے ساتھ وفاق میں برابر کی شریک ہے ، مردم شماری کی منظوری میں ایم کیو ایم نے کیا کردار ادا کیا ،پی ٹی آئی کی کراچی سے قومی اسمبلی کی 14اور سندھ اسمبلی کی 21نشستیں ہیں لیکن انہوں نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔

فاروق نعمت اللہ خان نے کہاکہ آج کریمی چورنگی پر شہری اپنے حقوق کے لیے جمع ہوئے ہیں اور اس امید کا اظہار کررہے ہیں کہ جماعت اسلامی نے جس طرح ماضی میں کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مثالی ،ریکادڈ ترقی یافتہ کام کروائے تھے اب بھی جماعت اسلامی ہی کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں