قراردادپاس ہونے کے باوجود غزہ میںاسرائیلی حملے جاری ہیں۔حاجی حنیف طیب

اسرائیلی عزائم سے ظاہرہورہاہے کہ و ہ کسی جنگ بندی کیلئے تیارنہیں ہے،چیئرمین نظام مصطفی پارٹی

جمعرات 28 مارچ 2024 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ غزہ فلسطین میں اسرائیل 5ماہ سے زائد عرصہ سے ظلم ڈھارہاہے اس عرصہ میں 32ہزارسے زائد لوگ شہید اور74ہزارسے زائد زخمی ہوئے ہیں ،صحت اورتعلیمی مراکز ،مساجدبھی اسرائیلی درندگی سے محفوظ نہ رہی ،بدترین انسانی المیہ نے جنم لیاہے لوگ بھوک سے مررہے ہیںاقوام متحدہ ،انسانی حقوق اوربین المذاہب ہم آہنگی کی تنظیمیں اوراوآئی سی خاموش تماشائی بنی رہی ،اتنے بڑے پیمانے میں تباہی ہوئی اس کی ذمہ داری کون قبول کرے گا حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ بڑی پیش رفت گذشتہ دنوں سامنے آئی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ساڑھے پانچ ماہ بعد پہلی مرتبہ غزہ میں جنگ بندی کی قراردادمنظورکی، جبکہ گزشتہ پیش کردہ قراردادوں پرامریکہ نے تین مرتبہ ویٹوپاورکا استعمال کرکے ظالمانہ رویہ اختیارکیاتھا۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے 15رکن ممالک میں سے 14نے قراردادکے حق میں ووٹ دیاجبکہ امریکہ غیرحاضررہا۔حاجی محمدحنیف طیب یہ لمحہ فکریہ ہے کہ جنگ بندی کی قراردادپاس ہونے کے باوجود غزہ میںاسرائیلی حملے جاری ہیں،اسرائیل نے تمام عالمی وجنگی قوانین کواپنے پاؤںتلے روندڈالاہے،اسرائیلی عزائم سے ظاہرہورہاہے کہ و ہ کسی جنگ بندی کیلئے تیارنہیں ہے اس نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے کا ارادہ کررکھاہے ،اب قراردادکوقابل تحسین اقدا م تب کہاجائیگا جب کسی تاخیرکے بغیر اس پر من وعن عمل درآمدہوگا ۔

عالمی قوانین کی روشنی میں فلسطینیوں کوتما م حقوق فراہم کئے جائیں گے ۔حاجی محمدحنیف طیب نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادکی روشنی میںاوآئی سی سے جرأت مندانہ اورکلیدی کرداراداکرنے کی اپیل کی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں