گورنر سندھ کا حیدرآباد میں آئی ٹی پروگرام کے آغازکا اعلان

پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کے بعد 50 ہزار طالب علموں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کورس کروانے کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، کامران ٹیسوری

جمعرات 28 مارچ 2024 17:02

گورنر سندھ کا حیدرآباد میں آئی ٹی پروگرام کے آغازکا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے حیدرآباد میں آئی ٹی پروگرام کے آغاز کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد بہت اہم اور بڑا ہے اور ایک جامع اور مکمل پروگرام کیلئے آئے ہیں، پہلے مرحلے میں ٹیسٹ کے بعد 50 ہزار طالب علموں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کورس کروانے کا پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، کچے کے ڈاکوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ خود اور اپنے بچوں کے ساتھ آئی ٹی پروگرام میں شامل ہوں، گورنر سندھ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوان خود کفیل ہوجائیںگے اور لاکھوں روپے کمانے کے اہل ہوجائیں گے، 50 کروڑ کی لاگت سے یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے ڈونر ہمیں مل گئے ہیں، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی یہ پروگرام بہت جلد شروع کیا جائے گا انشاء اللہ پورے سندھ میں اس کورس کو کروانے کی پوزیشن میں ہیں، حیدرآباد نے ہمیشہ پیار دیا اس لیے کراچی کے بعد حیدرآباد میں اس پروگرام کو ترجیح دی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ آج سے اس پروگرام کی ویب سائٹ کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کیلئے جگہ کا تعین 10 دنوں میں کیا جائے گا، آئی ٹی پروگرام کے تحت دو ماہ کے اندر ٹیسٹ کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ مایوس نوجوانوں کیلئے یہ پروگرام ایک امید کی کرن ہے جو کہ ملک کی معیشت کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ تنقید کرنے والے دیکھ لیں کہ گورنر ہاؤس کراچی میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں اور ملک چھوڑ جانے سے بہتر ہے اپنے ملک میں محنت کریں کہ جیسے وہ ہزاروں ڈالر کمانے کے اہل ہو سکیں ، آئی ٹی یونیورسٹی میں بنیادی کورس سے لیکر آرٹیفیشل انٹلیجنس کا کورس کرایا جائے گا، اس پروگرام کیلئے ایک روپیہ بھی سندھ گورنمنٹ سے نہیں لیا جائے گا بلکہ اس پروگرام کیلئے ہماری ڈونر ٹیم کا بھرپور تعاون ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ عزم کرلیا ہے کہ اپنے نوجوان بھائی بہنوں کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہے،انڈیا کی ایکسپورٹ 175 بلین ڈالر ہے، اور ہماری ایکسپورٹ 3 بلین ڈالر سے آگے نہیں بڑھ پا رہی، کیونکہ ہمارے پاس وہ کورسز اور فیکلٹی نہیں تھی،اور وہ ٹریننگ نہیں تھی جس کا مقابلہ ہم انٹر نیشنل مارکیٹ میں کر سکیں ، آج ہم یہ کہہ سکتے ہیں پورے سندھ میں پوری فیکلٹی کے ساتھ ہم یہ کورس کروانے کی پوزیشن میں ہیں، جیسے جیسے یہ کورس آگے بڑھے گا لوگوں کی آمدنی شروع ہوجائے گی، کورسز میں ایک سال تک تمام چیزیں مفت دی جائیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں