متوقع بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں موجود کے ڈی اے ٹائون شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ

منگل 16 اپریل 2024 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متوقع بارشوں کے پیش نظر شہر بھر میں موجود کے ڈی اے ٹائون شپس و اسکیموں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی۔منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے متعلقہ حکام اور انجینئرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ متوقع غیر معمولی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر تمام کے ڈی اے ٹائون شپس و اسکیموں میں نکاسی آب کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے، بارش کے پانی کی نکاسی کرنے کیلئے تمام ترڈی واٹرنگ پمپ اور مشینریز کو مستقل فعال رکھا جائے اور ضرورت پڑنے پر جنریٹرز اور ہیوی مشینری بھی کرایہ پر حاصل کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع کو احکامات جاری کئے کہ کے ڈی اے اسکیموں و ٹائون شپس میں اپنے اپنے سائٹ آفس میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متوقع شدید بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سوک سینٹر میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے جو کہ 24 گھنٹے بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامی اقدامات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے ٹائون شپس میں قائم نرسریوں کو فوری طور پر کرایہ کی وصولیوں کے لیے نوٹس جاری کئے جائیں اور کرایہ کی مد میں اضافہ کیا جائے جس کی منظوری گورننگ باڈی کے ڈی اے سے لی جائے گی تاکہ کے ڈی اے کی ریکوری میں اضافہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کے غیر فعال پارکس کو آباد کرنے کے لئے مختلف این جی اوز اور مخیر حضرات سے رابطے کرکے ایڈپشن پر دئیے جائیں اور پارکس بننے کے بعد عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکے گی۔

اس موقع پر چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع،ڈائریکٹر لینڈ محمد شاہد، ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد، ڈائریکٹر اسپورٹس جمیل احمد، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ ارشد عباس، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن رفیق کھوڑو، سپریڈنٹ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں