پیرسید ارشدعلی کاظمی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لئے پنجاب روانہ

ہفتہ 4 مئی 2024 20:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری ،کراچی ڈویژ ن کے جنرل سیکریٹری مولانامحمدشفیع قادری رضوی، صوفی جمال الدین قادری،سید عبدالرحیم شاہ ودیگر عہدیداران کے ہمراہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لئے فیصل آباد پنجاب روانہ ہوگئے، تحریک اہلسنّت رہنماپنجاب میں دیگر محافل میں شرکت اور دینی سیاسی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے روانگی سے قبل کارکنان تحریک اہلسنّت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قیام پاکستان کا حقیقی مقصد ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ تھالیکن افسوس ہمیشہ پاکستان کو عملی طور پر اسلامی فلاحی ریاست بننے میں رکاوٹوں کا سامنا رہاہے، اس حوالے سے اکابرین اہلسنّت ،علماء مشائخ نے تاریخی کردار ادا کیا ہے اور اسلام کے خلاف سازشوں کے مقابلے میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار اداکیاہے۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ نظام مصطفیٰ ﷺ کے عملی نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کی جائے اور اس کے لئے ہر ایک کو اپناکرداراداکرناہوگا۔ تحریک اہلسنّت پاکستان کارکنان اہلسنّت کو دعوت عام دے رہی ہے ، ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کی تحریک میں شامل ہوںاورمتحد ہوکرملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے بتایاکہ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ مختلف تنظیمی امور پر بات چیت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں