سپورٹس نیوز )

ایشیا کپ : پاکستان کا فاتخانہ آغاز ، ہانگ کانگ کو 8وکٹوں سے شکست دیدی

اتوار 16 ستمبر 2018 22:20

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2018ء) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ پاکستان نے ہانگ کانگ کو8وکٹو ں سے شکست دیدی۔ دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کی جانب سے دیا گیا 117 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن 41 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 24 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان 52 رنز کی شراکت ہوئی اور 93 کے اسکور پر بابر اعظم احسان خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔امام الحق نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی ففٹی مکمل کی اور 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہانگ کانگ کے کپتان انوشمان رتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ہانگ کانگ کی پہلی وکٹ 17 کے مجموعی اسکور پر گری جب نزاکت خان 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پھر اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔پاکستان کے اچھے بالنگ اٹیک کے سامنے ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 38 ویں اوور میں 116 رنز ہی بنا سکی۔ اعزاز خان 27 اور کنچت شاہ 26 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 3 جب کہ شاداب خان اور حسن علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک وکٹ فہیم اشرف کے حصے میں آئی جب کہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے تاہم مخالف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ فائنل تک پہنچنے کے لیے 6 میں سے 5 میچز لازمی جیتنا ہوں گے، ٹورنامنٹ بہت اہم ہے کچھ نہیں کہہ سکتے کون جیتے گا تاہم ایشیا کپ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم نے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا، یہ ان کے لیے بڑا ایونٹ ہے، آج 4 فاسٹ بالرز اور ایک اسپنر کے ساتھ کھیلیں گے۔ دبئی کا موسم شدید گرم ہے اور درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔ ہانگ کانگ کی ٹیم تیسری مرتبہ ایشیا کپ میں شرکت کررہی ہے، پہلی مرتبہ اس نے 2004 میں سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کی اور اس کے بعد 2008 میں پاکستان میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا تاہم دونوں مرتبہ وہ کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگال ٹائیگرز نے سری لنکا کو 137 رن سے ہرا دیا تھا۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں