کرک پولیس نے گندم سے بھرا ٹرک،دو بھائیوں سمیت اغواء کرنے والے دو ملزمان گرفتار کرلئے

بدھ 24 مئی 2023 23:41

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2023ء) کرک پولیس نے انڈس ہائی وے پرسرکاری وردی میں ملبوس ہوکرگندم سے بھرے ٹرک کودو ڈرائیوربھائیوں سمیت غواء کرنے والے دو مبینہ ملزمان کو واردات میں استعمال ہونے والی موٹرکار‘ سرکاری وردی اور اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ چوری شدہ ٹرک گندم سمیت بھی برآمدکیا ہے۔ پولیس کے مطابق چند روز قبل سرکاری وردی میں ملبوس نامعلوم ملزمان نے انڈس ہائی وے پررات کے وقت ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور جانے والے گندم سے بھرے ٹرک کو روکا اور ٹرک کو دو ڈرائیوربھائیوں سمیت اغواء کرکے نامعلوم مقام کی طرف منتقل کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک افتخارشاہ نے واقعہ کی رپورٹ پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ناظر حسین کی قیادت میں پولیس سٹیشن کرک کے ایس ایچ او اور دیگر کے ہمراہ خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید تیکنیکی نظام کی بنیاد پر واقعہ میں ملوث دومبینہ ملزموں کاشف ولد امیر نواب سکنہ منگر خیل کرک اورسیف اللہ عرف اسامہ ولد امان اللہ سکنہ رحمت آباد کرک کا سراغ لگا کر حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے زیرحراست ملزمان کی نشاندہی پر ہینوٹرک سمیت 42 عدد بوری چوری شدہ گندم کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹرکار ‘ سرکاری یونیفارم اور ایک بندوق ضلع لکی مروت کی حدود سے برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق سرکاری یونیفارم میں ملبوس مبینہ ملزمان نے گندم سے بھرے ٹرک کو دونوں ڈرائیوربھائیوں سکنہ شمالی وزیرستان سمیت اغواء کرلیا تھااور ہاتھ باندھ کر ان کے سروں پر کپڑے ڈال کر خفیہ ٹھکانے پر لے گئے تھے ۔ بعدازاں دونوں مغوی بھائیوں کو تحصیل تحت نصرتی کے ویران علاقہ نرے خوڑ میں پھینک دیا تھاجہاںسے وہ پولیس سٹیشن سٹی کرک پہنچے تھے۔پولیس کے مطابق واردات میں ملوث دیگر ملزم روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں