گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر

منگل 30 مارچ 2021 14:45

گڈو تھرمل پاور پلانٹ میں آتشزدگی، اہم ریکارڈ جل کر خاکستر
کشمور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2021ء) رواں سال جنوری میں ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈائون کا سبب بننے والے گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے آڈٹ روم میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس نے بڑے سوالوں کو جنم دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں واقع گڈو تھرمل پاور اسٹیشن میں آگ لگ گئی ہے، آگ مبینہ طور پر گڈو تھرمل پاور اسٹیشن کے آڈٹ روم میں لگی، آتشزدگی کے باعث اہم دستاویزات اور قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گدو تھرمل پاور پلانٹ کے ریکارڈ روم میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی دوگاڑیاں موقع پر پہنچی، جنہوں نے سخت جدوجہد کے بعد آڈٹ روم میں لگی آتشزدگی پر قابو پالیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ عملے کے پہنچنے سے قبل ہی ریکارڈ جل چکا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں سال جنوری کی 9 تاریخ کو گدو پاور اسٹیشن پر پاور ٹرپ اور بریک ڈائون ہونے سے ملک بھر میں بجلی متاثرہوئی تھی، یہ ملک کا طویل ترین بریک ڈائون تھا جو کہ کم وبیش گیارہ گھنٹے تک جاری رہا تھا، اس بریک ڈائون کے باعث ملک کے بیشتر شہروں میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی۔

بعد ازاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے ملک بھر میں پاور بریک ڈائون سے اپنی تحقیقات کی، جس میں انکشاف ہوا کہ گدو پاوراسٹیشن میں انسانی غلطی کی وجہ سے یہ مسئلہ ہوا، جس کے باعث مکمل بلیک آئوٹ ہوا۔

کشمور میں شائع ہونے والی مزید خبریں