کوہاٹ ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کوہاٹ‘ ہنگو‘ کرک‘ اورکزئی اور کرم میں عام انتخابات 2018 کے لئے تمام تر انتظامات مکمل

قومی اسمبلی کے چھ حلقوں کے لئے مجموعی طورپر1400 سے زائدپولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 300 سے زائد پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار

پیر 23 جولائی 2018 13:42

کوہاٹ ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کوہاٹ‘ ہنگو‘ کرک‘ اورکزئی اور کرم میں عام انتخابات 2018 کے لئے تمام تر انتظامات مکمل
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) کوہاٹ ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کوہاٹ‘ ہنگو‘ کرک‘ اورکزئی اور کرم میں عام انتخابات 2018 کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور پٴْرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مؤثرسیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ کوہاٹ ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں قومی اسمبلی کے چھ حلقوں کے لئے مجموعی طورپر1400 سے زائدپولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 300 سے زائد پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریکارڈ اور متعلقہ ریجنل و ضلعی دفاتر سے حاصل معلومات کے مطابق کوہاٹ کے حلقہ قومی اسمبلی این اے 32 کے لئے سب سے زیادہ 442 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میںسب سے زیادہ163 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قراردئے گئے ہیں جبکہ کوہاٹ میں پولیس اور فوج کے چارہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ضلع ہنگو میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 کے لئے کل 180 پولنگ سٹیشن میں سے 53 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع کرک میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 34 کے لئے 370 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن کے مطابق یہاں 38 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس ہیں۔کوہاٹ ڈویژن میں شامل نئے قبائلی ضلع کرم میں قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 45 اور46 میں مجموعی طورپر246 پولنگ سٹیشن قائم کے گئے ہیں جن میں39 انتہائی حساس قراردیئے گئے ہیں جبکہ قبائلی ضلع اورکزئی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 میںریکارڈکے مطابق کل 177 پولنگ سٹیشن میں صرف 15 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ حکام کے مطابق ڈویژن بھر کے تمام انتہائی حساس اور حساس پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں ۔تما م اضلاع کی انتظامیہ نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ بھی لیا ہے۔دریں اثناء انتخابات میں ڈیوٹی دینے والے تمام مرد و خواتین سرکاری ملازمین کو آج (منگل) کے روز متعلقہ ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں طلب کیاگیا ہے جہاں اٴْن کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کا سامان مہیا کرکے سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت میں متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر روانہ کردیاجائے گا۔ادھرتمام اضلاع کی متعلقہ انتظامیہ نے الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کا احکامات بھی جاری کردیئے ہیں۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں